وزیرمملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر موٹر سائیکل والوں کو پیٹرول پر 50 کے بجائے 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
لاہور میں نیوز کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی دینے کی سکیم کو چھ ہفتوں میں نافذ کر دیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ ہے بڑی گاڑیوں والے پیٹرول کی زیادہ قیمت ادا کریں گے۔
’پیٹرول پر سبسڈی کی اس سکیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اس سکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہو گا اور وہ اس میسج کو پیٹرول پمپ پر دکھا کر پیٹرول وصول کر سکیں گے۔‘
ان کے مطابق ’پیٹرول پمپس والوں کو ایک ڈیوائس فراہم کی جائے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے کا ریکارڈ موجود ہو گا۔‘
نیوز کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پیٹرول سستا کرنے کے لیے میکنزم بنانے پر کام جاری ہے۔
’ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے اور ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل میں ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ہماری کوشش ہو گی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے اور 800 سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پیٹرول پر30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں پانچ سے سات لیٹر پیٹرول ڈالا جائے گا۔‘
عوام کو ریلیف کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی سکیم پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
’اس پر ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرول کے ٹیرف میں غریب کو 50 روپے سبسڈی دی جائے گی مگر اب وزیر اعظم نے ہمیں دوبارہ ہدایت کی ہے کہ سبسڈی کو بڑھا کر 100 روپے کیا جائے۔‘
اس موقعے پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی اصلیت عوام کے سامنے آ چکی ہے۔ وہ کسی قانون کو نہیں مانتے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ عمران خان ریاست کو چیلینج کر رہے ہیں کہ مجھے پکڑ کے دکھاؤ۔‘