وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو کم آمدن والے عوام کو 50 روپے فی لیٹر تک پیرولیم ریلیف پیکج دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل اور رکشے کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت کم آمدن پٹرولیم صارفین کے لیے آج لاہور میں پٹرولیم ریلیف پیکج پر جائزہ اجلاس ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ،، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن عوام کی سواری ہے، اس کے لیے پٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی۔
حکومت پاکستان نے 16 مارچ کو پیٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کیا تھا۔
اس تازہ اعلان کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل میں 13، مٹی کے تیل کی قیمت میں دو رپے 56 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اس وقت ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے، ڈیزل 293 اور مٹی کے تیل کی قیمت 190 روپے 29 پیسے ہے۔