طورخم: پہاڑی تودہ گرنے سے کنٹینرز ملبے تلے دب گئے، دو اموات

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے طورخم بارڈر سے متصل پہاڑ کا بڑا حصہ گرنے سے مال بردار کنٹینرز ملبے تلے آ گئے جبکہ بعض کنٹینرز میں آگ بھی لگ گئی۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلعے خیبر میں طورخم بارڈر کے قریب ریسکیو حکام کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک بڑا پہاڑی تودہ گرنے سے افغانستان جانے والے مال بردار کنٹینرز ملبے تلے آگئے، جس کے نتیجے اب تک دو اموات اور آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے طورخم بارڈر سے متصل پہاڑ کا بڑا حصہ گر گیا اور مال بردار کنٹینرز ملبے تلے آ گئے جبکہ بعض کنٹینرز میں آگ بھی لگ گئی۔

بلال فیضی نے بتایا کہ ’ملبے تلے آنے والے کنٹینرز میں ڈرائیورز موجود تھے، جن میں سے آٹھ کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ضلع خیبر اور پشاور کی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور ایمبولینس، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور فائر فائٹرز موقع پر موجود ہیں۔

لنڈی کوتل کے مقامی صحافی راحت شینواری نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ ایک بڑا پہاڑ ہے، جہاں سے تودہ گرا اور اس کے ساتھ منسلک سڑک افغانستان کی طرف جاتی ہے۔

راحت نے بتایا: ’نیشنل لاجسٹک سیل نے یہ سڑک بنائی ہے اور یہ بارڈر ٹرمینل منصوبے کا حصہ ہے، جس پر کام جاری ہے۔ یہ مال بردار کنٹینرز اسی پہاڑ کے ساتھ سڑک پر کھڑے افغانستان جانے کا انتظار کر رہے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طورخم بارڈر پر روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مال بردار گاڑیاں آتی جاتی ہیں جو مختلف اشیا پاکستان سے افغانستان اور افغانستان سے پاکستان منتقل کرتی ہیں۔

ان تمام گاڑیوں کی بارڈر ٹرمینل پر چیکنگ کی جاتی ہے، جس کے بعد ہی انہیں افغانستان جانے کی اجازت ملتی ہے۔

راحت شینواری نے مزید بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے لیے ڈرلنگ اور بھاری مشینری کے استعمال کی وجہ سے پہاڑ کی جانب بنائی گئی دیوار میں پہلے ہی دراڑیں موجود تھیں اور اب ممکن ہے کہ طوفانی بارش کی وجہ سے پہاڑی تودہ نیچے آ گرا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کنٹینرز میں ڈرائیوروں کے پاس گیس سلینڈرز بھی ہوتے ہیں، جن کے ذریعے وہ کھانا وغیرہ تیار کرتے ہیں جبکہ بعض کنٹینرز میں ڈیزل بھی موجود تھا۔

بقول راحت: ’تودہ گرنے کی وجہ سے ممکن ہے کہ سلینڈر کی آگ پھیل گئی ہو اور اس آگ نے باقی کنٹینرز کو لپیٹ میں لے لیا ہو۔‘

ریسکیو ترجمان بلال فیضی نے بتایا کہ اس پہاڑ کے نیچے تین سڑکیں موجود ہے یعنی اوپر سے نیچے تک تین لائنز ہیں، جن پر مال بردار گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں اور عموماً گاڑیوں کے ڈرائیورز بھی ان میں ہی موجود ہوتے ہیں۔

طورخم بارڈر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک تجارتی راستہ ہے، جہاں اس وقت سینکڑوں ٹرک اور مال بردار کنٹینر کھڑے روانگی کا انتظار کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان