گرانٹ بریڈ برن پاکستان کے ہیڈ کوچ مقرر

بریڈ برن مکی آرتھر کے ماتحت کام کریں گے جنہیں رواں مارچ ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

گرانٹ بریڈ برن نیوزی لینڈ کے لیے سات ٹیسٹ اور 11 ون ڈے کھیل چکے ہیں (پی سی بی ویڈیو سکریب گریب)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتے کو نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ بریڈ برن کو عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دینے کے بعد اگلے دو سالوں کے لیے مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔

نیوزی لینڈ کے لیے سات ٹیسٹ اور 11 ون ڈے کھیلنے والے 56 سالہ بریڈ برن مکی آرتھر کے ماتحت کام کریں گے جنہیں رواں مارچ ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا: ’ایک باضابطہ عمل کے بعد بریڈ برن کو اگلے دو سال کے لیے پاکستان مینز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔‘

بریڈ برن نے پاکستان کے سابق سپنر ثقلین مشتاق کی جگہ لی ہے، جن کا معاہدہ فروری میں ختم ہو گیا تھا۔

پاکستان نے مارچ میں افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے عبدالرحمان کو عبوری کوچ بنایا تھا جب کہ بریڈ برن نے اپریل اور مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف 10 محدود اوور کے میچوں کے دوران پاکستان ٹیم کی عبوری کوچنگ کی تھی۔

بریڈ برن نے 2018 سے 2020 تک پاکستان کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔

ہیڈ کوچ مقرر ہونے کے بعد انہوں نے بڑے ایونٹس میں ٹیم کی رہنمائی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بریڈ برن کا کہنا ہے کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں بطور ہیڈ کوچ پاکستان جیسی انتہائی باصلاحیت ٹیم کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز سے ٹیم کو کافی فائدہ پہنچا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بریڈ برن کی پہلی اسائنمنٹ جولائی میں سری لنکا میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہے جس کے بعد ستمبر میں ایشیا کپ اور ایک ماہ بعد ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم سے امیدیں بہت زیادہ ہیں۔

ان کے بقول: ’ہم سے توقعات کی حد بڑھ گئی ہیں اور ہم اپنے کھلاڑیوں کو چیلنج کے لیے تیار کرتے رہیں گے۔ یہ عمل شروع ہو چکا ہے اور ہمارے کھلاڑی ان چیلنجوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اینڈریو پوٹک کو دو سال کے لیے پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا گیا۔

پی سی بی نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے ٹیم کے لیے نیا ماٹو ’دا پاکستان وے‘ متعارف کرایا ہے جس کے تحت وہ 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میں اتریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ