برطانوی لیگ: شاہین آفریدی کا پہلے اوور میں چار وکٹوں کا ریکارڈ

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش ٹی ٹوئنٹی لیگ ویٹالٹی بلاسٹ کے میچ کے پہلے اوور میں چار وکٹیں لے کر ریکارڈ بنا ڈالا۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب میں نے پہلے اوور میں چار وکٹیں حاصل ہوں(تصویر: ناٹنگھم شائر سی سی سی)

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے برطانوی ٹی ٹوئنٹی لیگ ویٹالٹی بلاسٹ میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے اوور میں چار وکٹیں حاصل کر کے ریکارڈ بنا ڈالا۔

اس سے قبل شاہین آفریدی 2020 میں ہپیمپشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے آخری اوور کی آخری چار گیندوں پر بھی چار وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

جمعہ 30 جون کو ناٹنگھم شائر اور برمنگھم بیئرز کے درمیان ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے میچ میں ناٹنگھم شائر کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے۔

برمنگھم بیئرز کی بلے بازی کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے اپنے اوور کی پہلی گیند پھینکی جو نہ صرف وائڈ قرار دے دی گئی بلکہ گیند بونڈری لائن بھی پار کر گئی۔

اس طرح  پہلی گیند پر پانچ رنز بن گئے۔

نفی میں سر ہلاتے ہوئے شاہین آفریدی واپس رن اپ پر گئے اور ایک بار گیند پھینکنے کے لیے بولنگ اینڈ کی سمت دوڑے۔

 بیٹنگ اینڈ پر ان کا سامنا کرنے کے لیے الیکس ڈیویس موجود تھے۔

 یارکر لینتھ پر گرنے والی یہ الیکس ڈیویس کے پیڈز پر لگی جسے امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا۔

اگلی گیند پر شاہین کا سامنا کرنے کرس بینجمن کو بھیجا گیا جو پہلی ہی گیند پر کیپر کے اوپر سے سکوپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔

کرس بینجمن کے بعد ڈین موسلے بلے بازی کرنے آئے تو انہوں نے پہلی ہی گیند پر سنگل لے کر اپنا بوجھ ساتھی بلے باز راب ییٹس کے کندھے پر ڈال دیا جنہوں نے اگلی ہی گیند پر یہ ذمہ داری ڈین موسلے کو واپس سونپ دی۔

یوں شاہین کے اوور میں دو وکٹوں کے بعد اگلی دو گیندوں پر صرف دو سنگل بن سکے۔

اوور کی پانچویں گیند پر ڈین موسلے نے شاہین کی گڈ لینتھ پر گرنے والی گیند کو کور ڈرائیو میں بدلنے کی کوشش کی لیکن قسمت کی خرابی کہیں یا شاہین کی خوش قسمتی کے گیند شارٹ کور پر کھڑے فیلڈر اولی سٹون کے ہاتھوں میں جا پھنسی اور یوں موسلے بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

موسلے کے بعد ایڈ برنارڈ بلے بازی کرنے آئے تو شاہین کی فل لینتھ پر گرنے والی تیز رفتار گیند کو سمجھنے سے قاصر رہے اور ان کی آف سٹمپ اپنی جگہ چھوڑتی ہوئی کافی پیچھے جا گری۔

میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب میں نے پہلے اوور میں چار وکٹیں حاصل ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شائقین کی سپورٹ دیکھ کر مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ میں پاکستان میں کھیل رہا ہوں۔

شاہین شاہ آفریدی کا یہ اوور یوں تو کئی حوالوں سے یادگار رہا لیکن ان کی شاندار بولنگ کے باوجود ان کی ٹیم یہ میچ دو وکٹوں سے ہار گئی اور برمنگھم بیئرز نے 168 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر پورا کر لیا۔

 شاہین آفریدی کی فارم کو دیکھ کر پاکستانی شائقین دورہ سری لنکا، ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کے حوالے سے کافی پرامید دکھائی دیتے ہیں۔

لیکن کیا شاہین آفریدی اپنی اس فارم کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ تک لے کر چل سکیں گے۔ اس کا فیصلہ تو وقت ہی کرے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ