انڈیا: ’نچلی ذات‘ کے شخص کی تضحیک کرنے والا ملزم گرفتار

وائرل ویڈیو میں بظاہر نشے میں دھت شخص کو زمین پر بیٹھے ہوئے ’نچلی ذات‘ کے شخص پر پیشاب کرتے ہوئے اور سگریٹ پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

31 مئی 2023 کو آل ٹرائبل سٹوڈنٹس یونین منی پور کے کارکن نئی دہلی میں دوران پلے کارڈ اٹھائے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا میں پولیس نے ایک قبائلی کارکن پر پیشاب کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ اس واقعے کی بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ویڈیو نے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔

وائرل ویڈیو میں بظاہر نشے میں دھت شخص کو زمین پر بیٹھے ہوئے ’نچلی ذات‘ کے شخص پر پیشاب کرتے ہوئے اور سگریٹ پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص پرویش شکلا کا تعلق مدھیہ پردیش ریاست سے ہے اور وہ ہندو قوم پرست وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ ہیں۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ٹویٹ میں لکھا: ’اس واقعے نے پورے مدھیہ پردیش کو شرمندہ کر دیا ہے۔ قصوروار کو سخت ترین سزا دی جائے اور مدھیہ پردیش میں قبائلیوں پر مظالم بند ہونے چاہییں۔‘

اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے کہا: ’مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی میں ایک بااثر مقامی رہنما کی جانب سے ایک قبائلی دلت نوجوان کی تذلیل کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے اور ایسی غیر انسانی حرکتوں کے لیے مذمت کافی نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہی حکومت بیدار ہوئی جو کہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی زیرقیادت حکومت کو مجرم کو بچانے کی اپنی کوششوں کو ترک کر دینا چاہیے اور پارٹی کے ان کے ساتھ اپنے روابط چھپانے کی کوشش نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے اثاثے ضبط کیے جائیں۔‘

کڑی تنقید کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ملزم کے خلاف سخت اقدام کی یقین دہانی کرائی جن کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔

ملزم پر شیڈولڈ کاسٹس اینڈ شیڈولڈ ٹرائبز (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت بھی الزام ہے جس کا مقصد تاریخی طور پر مظلوموں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ملزم کے حکمران ہندو قوم پرست جماعت سے تعلق کا الزام سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا: ’مجرم، مجرم ہی ہوتا ہے۔ اس کا تعلق کسی خاص ذات، مذہب یا پارٹی سے نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حکومت ملزمان کے لیے سخت سے سخت سزا کو یقینی بنائے گی۔ ہم اسے (مجرم) کو کسی قیمت پر نہیں چھوڑیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا: ’چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے ہو، جو بھی غلطی کرے گا اسے سزا ملے گی۔‘

مدھیہ پردیش کے شہر سدھی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی کیدارناتھ شکلا اور ریوا سے بی جے پی کے قانون ساز راجندر شکلا کے ساتھ ملزم کی تصاویر سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔

تاہم پارٹی نے واضح طور پر ان کے ساتھ کسی قسم کے تعلق سے انکار کیا ہے۔

کیدارناتھ شکلا نے کہا: ’میں انہیں (ملزم) کو جانتا ہوں کیوں کہ وہ میرے حلقے سے ہیں لیکن وہ میرا نمائندہ یا بی جے پی کا کارکن نہیں ہے۔‘

تاہم ملزم کے والد رماکانت شکلا نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا کیدار شکلا کا نمائندہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا: ’وہ بی جے پی ایم ایل اے کے نمائندے ہیں، جس کی وجہ سے اپوزیشن کی طرف سے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہوگی اور ان کو انصاف ملے گا۔‘

متاثرہ شخص کی اہلیہ نے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’وہ میرا شوہر ہے۔ اگر ان کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے تو جو ہونا تھا وہ ہو کر رہے گا۔ اگر کچھ غلط ہوا ہے تو اس کی سزا ملنی چاہیے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا