انگلینڈ نے اتوار کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ تین وکٹوں سے جیت کر ایشز سیریز میں واپسی کی راہ ہموار کر لی۔
پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ہارنے کے بعد انگلینڈ پر سیریز بچانے کا شدید دباؤ تھا۔ تاہم اس نے ہیڈنگلے میں تیسرا میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز 1-2 کر دی۔
انگلینڈ کو دوسری اننگز میں جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف ملا جو ایک موقعے پر مشکل نظر آنے لگا لیکن ہیری بروک اور کرس ووکس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کی راہ ہموار کر دی۔
میزبان ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز زیادہ خوش گوار نہیں تھا کیونکہ اوپنر بین ڈکٹ 23 رنز بنا کر مچل سٹارک کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
بیٹنگ میں ترقی پا کر ون ڈاؤن آنے والے معین علی (پانچ رنز) ناکام رہے اور سٹارک نے انھیں بھی پویلین واپس بھیجا۔
انگلینڈ کی سب سے بڑی امید جو روٹ ایک بار پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 21 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان بین سٹوکس کی قسمت آج خراب رہی۔ وہ سٹارک کی گیند پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔جونی بیرسٹو (پانچ رنز) بھی سٹارک کا نشانہ بنے۔
اس موقعے پر بروک نے شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو جیت کی منزل کے قریب لے گئے، لیکن 75 رنز پر وہ سٹارک کی ایک گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ووکس (32 رنز) نے بروک کا خوب ساتھ دیا اور ان کے ساتھ 59 قیمتی رنز کی پارٹنر شپ کی۔
بروک کے آؤٹ ہونے کے بعد مارک ووڈ اور ووکس نے یقینی بنایا کہ ان کی ٹیم ریس لائن عبور کر جائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا اپنی دوسری اننگز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 77 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے براڈ اور ووکس نے تین، تین وکٹ لیے۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں مچل مارش (118 رنز) نے سنچری بنائی تھی جس کی وجہ سے آسٹریلیا 263 رنز بنا سکا۔
جواب میں میزبان ٹیم 237 پر آل آؤٹ ہوئی۔ کمنز کے چھ وکٹیں پہلی اننگز کی خاص بات رہی۔