ایک تحقیق کے مطابق لوگ اپنی کاروں سے زیادہ خوش نہیں ہیں – اور یہ نئی ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کی جدت طرازی کی غلطی لگتی ہے۔
گاڑی کے بیرونی ڈیزائن سمیت متعدد مسائل کی نشاندہی کرتے لوگ پوری طرح ان سے مطمئن نہیں ہو رہے، لیکن خاص طور پر وہ انفوٹینمنٹ سسٹم سے مایوس ہیں، جس کے باعث لوگ موسیقی سننا چھوڑ دیتے ہیں۔
مثال کے طور پر صرف 56 فیصد کار مالکان آڈیو چلانے کے لیے اپنی کار میں نصب سسٹم استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جو کہ 2020 کی نسبت اب 70 فیصد سے کم ہے۔
آدھے سے بھی کم کار مالکان فون کالز، آواز کی شناخت اور نیویگیشن جیسے افعال کے لیے مربوط نظام استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اس کے بجائے صارفین ممکنہ طور بیرونی سسٹم یعنی اپنا فون استعمال کر رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ایپل کار پلے اور اینڈروئیڈ آٹو جیسی ٹیکنالوجیز نے اپنی سکرینیں اس طرح بنائی ہیں کہ صارفین کار مینوفیکچررز کی جانب سے فراہم کردہ بلٹ اِن اور اکثر پیچیدہ سافٹ ویئر کے استعمال کی بجائے انہیں دیکھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ امریکی کمپنی جے ڈی پاور کے تحت کیے گئے یوایس آٹوموٹو پرفارمنس، ایگزیکیوشن اینڈ لے آؤٹ (اے پی ای اے ایل) مطالعے کے مطابق ہے۔ تحقیق کی 28 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ صارفین کے اطمینان میں مسلسل دو سال میں کمی آئی ہے اور یہ کار مارکیٹ میں متعدد مسائل کی نشاندہی ہو سکتی ہے۔
اطمینان کو ایک ہزار پوائنٹ سکیل پر شمار کیا جاتا ہے۔ اس سال یہ 845 پر رہا جو گذشتہ سال کے مقابلے میں دو پوائنٹس اور اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں تین پوائنٹس کم ہے۔
جے ڈی پاور میں آٹو بینچ مارکنگ کے سینیئر ڈائریکٹر فرینک ہینلے نے ایک بیان میں کہا: ’برسوں کے دروان (پوائنٹس میں) مسلسل گراوٹ ہوسکتا ہے کہ چھوٹی چیز لگے، لیکن یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ اس کے پیچھے بڑے مسائل ہیں۔
’نئی گاڑیوں میں مینوفیکچررز کی ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کی جدت طرازی کے باوجود، ان میں مالکان کی دلچسپی زیادہ نہیں۔ اگرچہ چارجنگ پیڈ، وہیکل ایپس اور جدید آڈیو خصوصیات جیسی ایجادات سے مالک کا تجربہ اچھا ہونا چاہیے، لیکن جب مسائل آتے ہیں تو ایسا نہیں ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا: ’صارفین کے اطمینان میں یہ زوال مینوفیکچررز کے لیے ایک انتباہ کی علامت ہونا چاہیے کہ انہیں اچھی طرح سمجھنا ہو گا کہ مالکان اپنی نئی گاڑیوں میں کیا چاہتے ہیں۔‘
سروے میں کچھ ایسی کمپنیوں کے لیے بھی اطمینان میں کمی پائی گئی، جن کی توجہ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے۔
ٹیسلا اب بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی برانڈز میں سے ایک ہے لیکن اس کا سکور 878 پر دیکھا گیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں نو پوائنٹس کم ہے، جب کمپنی کو پہلی بار تحقیق میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ تحقیق رواں برس فروری اور مئی کے دوران نئی کاروں کے تقریباً 85 ہزار مالکان پر مبنی تھی، جن کا سروے اس وقت کیا گیا جب انہیں گاڑی کا مالک بنے 90 دن ہوئے تھے۔
© The Independent