اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شہرام چنگیزی کا کیو سپورٹس میں ایک بڑا نام ہے۔ وہ نہ صرف لندن میں ہونے والی یو کے اوپن نائن بال پول میں حصہ لینے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں بلکہ ماضی میں سنوکر کے کھیل میں پاکستان کے لیے تین کانسی کے تمغے بھی جیت چکے ہیں۔
شہرام نے 13 برس کی عمر سے سنوکر کھیلنا شروع کیا اور 2007 میں پہلی مرتبہ نیشنل رینکنگ چیمپیئن شپ جیتی۔ پھر 2010، 2015، 2018 میں بھی مختلف سنوکر چیمپیئن شپ میں انہوں نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
2018 میں انہوں نے سنوکر سے امریکی نائن بال پول کھیلنا شروع کردی۔
شہرام کو سنوکر کے کھیل میں پاکستان کے لیے انٹرنیشنل میڈلز حاصل کرنے پر فخر ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں سنوکر کے مستقبل کے حوالے سے شہرام نے بتایا کہ سنوکر میں اس وقت بدقسمتی سے نہ کھلاڑیوں کو حمایت اور پذیرائی مل رہی ہے اور نہ ہی حکومتی شعبوں میں کسی کو ملازمت دی گئی ہے۔ ’اگر یہ دو چیزیں ہوجائیں تو (اس کھیل کا) بہت سکوپ ہے کیوں کہ جتنا ٹیلنٹ سنوکر میں ہے، شاید ہی کسی اور گیم میں ہو۔‘
ساتھ ہی انہوں نے ایشین انڈر 21 جیتنے والے احسن رمضان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ ابھی صرف 17 سال کے ہیں تو اگر ٹیلنٹ اس طرح کا ہے اور اگر کمپنیاں اور کارپوریٹ سیکٹر کھلاڑیوں کو سپانسر کریں اور حکومتی شعبے انہیں ملازمت دیں تو بہت اچھا ہو جائے گا۔‘
سنوکر کھیلنے والوں کے لیے کچھ ٹپس
شہرام نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اس کھیل میں نئے آنے والوں کے لیے کچھ ٹپس بھی دیں، جن کی مدد سے وہ اپنے کھیل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا: ’سب سے پہلے آپ نے دیکھنا ہے کہ آپ نے شاٹ کیا مارنی ہے۔ شاٹ کو دیکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ جس بال کو آپ نے کھیلنا ہے، اس کی لائن میں کھڑے ہو کر اس شاٹ کو دیکھ لیں کہ آپ نے کیا کرنا ہے، اسے سوچ کر آپ نے ٹیبل پر جھکنا ہے۔ اسے پری-شاٹ روٹین کہتے ہیں۔
’اس کے بعد جب آپ ٹیبل پر جھکیں تو اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ جہاں پر آپ ٹِپ چلا رہے ہیں، جس کو فیتھرنگ کہتے ہیں، وہیں پر آپ ڈیلیور بھی کریں، جب آپ ڈیلیور کریں گے تو آپ کے پاس بالکل وہی رزلٹ آئے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہرام نے یہ بھی بتایا کہ سفید بال کے اوپر، نیچے اور بیچ میں کھیلنے سے کیا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سفید بال کے اوپر کھیلنے کو فالو کہتے ہیں، جب اوپر کھیلتے ہیں تو سفید بال آبجیکٹ بال کو فالو کرے گا یعنی اسے ٹچ کر کے آگے جائے گا، اسے فالو تھرو کہتے ہیں۔
’سفید بال کے بیچ میں کھیلنے سے سفید بال تقریباً اسی جگہ پر رک جاتا ہے، جہاں آبجیکٹ بال کو ملتا ہے۔
’سفید بال کے نیچے کھیلنے کو سکریو کہتے ہیں۔ نیچے کھیلنے سے سفید بال آبجیکٹ بال کو مل کر پیچھے یعنی ریورس آتا ہے۔‘
شہرام کا کہنا تھا کہ ’ایک ضروری ٹپ یہ ہے کہ ہر شاٹ کے بعد چاک لگانا ہے مگر اسے بہت آرام سے لگانا ہے اور جب دیکھ لیں کہ ہر جگہ چاک لگ گیا ہے تو کافی ہے، زیادہ لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اب سنوکر سے امریکی نائن بال پول کے کھیل میں آگئے ہیں، جس کی ایک الگ دنیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اس میں بھی پاکستان کے لیے ٹائٹلز لے کر آئیں۔