کوئٹہ میں ایک پولیس میوزیم میں تقسیم ہند سے قبل بلوچستان پولیس کا مونوگرام، ایک صدی پرانے درج ہونے والے مقدمے، سپاہیوں کے زیر استعمال رہنے والی وردیاں اور دوسری عالمی جنگ کے ہتھیاروں سمیت کئی تاریخی اشیا محفوظ کی گئی ہیں۔
انسپکٹرجنرل پولیس آفس میں قائم ’بلوچستان پولیس میوزیم‘ کے حوالے سے ڈی ایس پی محمد علی کھوکھر نے بتایا کہ یہ ایک صدی سے بھی قدیم اشیا پر مشتمل میوزیم ہے جس میں برطانوی دور کی پولیس کے زیر استعمال بندوقیں، مشین گنز، مقدمات کی فائلیں اور بہت سا دوسرا سامان موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میوزیم میں ایک لائٹ مشین گن رکھی ہے جسے ’برن گن‘ کہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران تھری ناٹ تھری کیلیبر کی یہ بندوق ایک منٹ میں 500 گولیاں فائر کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس بندوق نے اپنی خصوصیات کے باعث کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور یہ اس دور کا ایک کامیاب اور طاقت ور اسلحہ تھی۔
’میوزیم میں داخل ہونے پر ایک طرف دیوار پر آپ کو یہاں کی قدیم تاریخ نظر آئے گی۔ 1830 اور اس کے بعد کیا کچھ ہوتا رہا، وہ سب درج ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ الماری میں آپ کو کچھ رجسٹر ملیں گے جو سو برس پہلے کے افسران نے لکھے تھے، یہ رجسٹر نوشکی اور لورالائی سے ملے ہیں۔
’قدیم ریوالورز سمیت گرنیڈ پھینکنے کی گن، جنگوں میں استعمال ہونے والی تلواریں اور کئی نوادرات بھی یہاں موجود ہیں۔‘
میوزیم میں پچھلی صدیوں کے ان پولیس افسران کی تصاویر بھی موجود ہیں جنہوں نے اپنے فرض کی انجام دہی کے دوران جان دی۔
میوزیم سے طالب علم اور عام شہری بھی استفادہ کر سکیں گے۔