جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کرنے پر اتفاق

میڈیا کنسلٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں قائد حذب اختلاف رعنا انصار کے درمیان تین روزہ مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ کے لیے ایک نام پر اتفاق ہوا۔

جسٹس (ر) مقبول باق (ٹوئٹر جسٹس مقبول باقر)

صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور صوبائی اسمبلی میں قائد حذب اختلاف رعنا انصار کے درمیان صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا نے ایک بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور قائد حذب اختلاف رعنا انصار نے جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ 

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سندھ کے گورنر محمد کامران ٹیسوری کو نگران وزیراعلیٰ سندھ کے نام سے آگاہ کر دیا ہے۔

عبدالرشید چنا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ اسمبلی مٰں قائد حذب اختلاف نے تین روز تل نگران وزیراعلیٰ کے نام سے متعلق مشاورت کی۔

سندھ اسمبلی میں قائد حذب اختلاف رعنا انصار نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ’یہ نام دونوں کی طرف سے تھا۔ باہمی مشاورت سے اس نام پر اتفاق ہوا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’امید ہے یہ ایسا نام ہے جو سندھ کی حکومت اور عوام کے لیے بہتر ثابت ہوگا اور الیکشن شفاف ہوں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضی وہاب نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس نامزدگی کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

مقبول باقر 2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج، جبکہ 2015 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے۔ وہ گذشتہ سال بطور سپریم کورٹ جج ذمہداریوں سے سبکدوش ہوئے تھے۔ 

جسٹس (ر) مقبول باقر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’یہ اہم ذمہ داری ہے، خاص کر جن مشکلات کا لوگوں کو سامنا ہے۔ کوشش رہے گی کہ لوگوں کی مشکلات کم کر سکیں اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھ سکیں۔

’الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ ہمارا کام ان کی معاونت کرنا ہوگا۔۔۔ الیکشن کے حوالے سے ہمارا یہی کردار ہو گا۔ کوشش یہ ہوگی کہ آئین و قانون کے مطابق انتخابات ہو سکیں۔‘

سندھ اسمبلی وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر صوبائی گورنر کامران ٹیسوری نے 12 اگست کو تحلیل کر دی تھی۔ 

جسٹس (ر) مقبول باقر کون ہیں؟

سال 1957 میں پیدا ہونے والے جسٹس (ر) مقبول باقر کا تعلق کراچی سے ہے، جہاں انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت کے میدان میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

سندھ ہائی کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس (ر) مقبول باقر 2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 2013 میں انہیں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مقرر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

فروری 2015 میں آپ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج مقرر کیا گیا، جہاں سے آپ اپریل 2022 میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے۔  

جسٹس (ر) مقبول باقر 2013 میں ایک مسلح حملے میں زخمی بھی ہوئے تھے، جبکہ ان کے سکیورٹی اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر نو افراد جان سے گئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست