ارجنٹائن کے معروف فٹ بالر لیونل میسی نے کہا کہ وہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) چھوڑنے کے بعد انٹر میامی میں شامل ہونے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
میامی میں شامل ہونے کے بعد سے چھ میچوں میں نو گول کرنے والے میسی نے پی ایس جی کے ساتھ دو سیزن کھیلنے کے بعد میجر لیگ سوکر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میامی پہنچنے کے بعد پہلی بار مقامی میڈیا سے گفتگو میں میسی نے اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا کے ساتھ بیتا ہوا وقت فرانس میں گزارے وقت سے بالکل مختلف تھا۔
انہوں نے کہا: ’جیسا کہ میں نے اس وقت کہا تھا، پیرس روانگی ایسی چیز نہیں تھی جس کی میں نے خواہش کی تھی۔ یہ وہ چیز نہیں تھی جس کے لیے میں بارسلونا چھوڑنا چاہتا تھا۔‘
ان کے بقول: ’یہ ٹھیک ہے کہ مجھے ایک ایسی جگہ کی عادت ڈالنی پڑی جو اس سے بالکل مختلف تھی جہاں میں نے ساری زندگی گزاری تھی۔ شہر کے لحاظ سے اور کھیل کے لحاظ سے یہ مشکل وقت تھا لیکن اس کے برعکس اب میں خوش ہوں۔‘
میسی 13 سال کی عمر سے بارسلونا کے ساتھ تھے جب وہ ارجنٹائن سے ہسپانوی کلب میں شامل ہونے کے لیے یہاں پہنچے تھے لیکن برسوں کی کامیابی کے بعد کلب میں مالی مشکلات ان کی رخصتی کا سبب بنی۔
قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ میسی بارسلونا واپس آ سکتے ہیں یا وہ سعودی لیگ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں لیکن میسی نے کہا کہ وہ میامی میں شمولیت کے اپنے فیصلے سے خوش ہیں۔
ان کے بقول: ’میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ میں اس فیصلے سے بہت خوش ہوں، نہ صرف اس کھیل بلکہ میرے خاندان کے لیے بھی اہم ہے کہ ہم کس طرح وقت گزارتے ہیں اور کس طرح شہر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ میامی میں نیا تجربہ اور لوگوں کا استقبال جو پہلے دن سے ہی غیر معمولی تھا۔‘
میسی نے مزید کہا: ’میں نے ٹیم کے ساتھ دو ٹور کیے اور لوگوں کا میرے ساتھ برتاؤ شاندار تھا، اس لیے میں ان لمحات کے لیے شکر گزار اور خوش ہوں جو میں جی رہا ہوں۔‘
سات بار ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے والے میسی کے پاس پہلی امریکی ٹرافی جیتنے کا موقع ہے جب ہفتے کو لیگس کپ کے فائنل میں میامی کا مقابلہ نیش ول سے ہوگا۔
یہ ان کے کلب کی صرف تیسرے سیزن میں پہلی فتح بھی ہو سکتی ہے۔
ممکنہ فتح کے بارے میں میسی نے کہا: ’یہ حیرت انگیز ہوگا۔ میرے لیے، کلب کے لیے اور ان تمام لوگوں کے لیے جو میامی کی حمایت کرتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے بقول: ’ہم ایک نقطہ نظر بننا چاہتے ہیں اور ٹائٹل جیتنے سے اس سے بہت مدد ملے گی۔ یہ ایک نیا کلب ہے اور ہمارا پہلا ٹائٹل جیتنا ہم سب کے لیے بہت اچھا ہوگا۔‘
امریکہ میں وقت گزارنے والے میسی نے کہا کہ وہ محض کھیل اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’سچ یہ ہے کہ میں ان تمام چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔ میں یہاں صرف کھیلنے آیا ہوں اور فٹ بال سے لطف اندوز ہونے جو میں نے ساری زندگی پسند کیا ہے اور سب سے بڑھ کر میں نے اس جگہ کا انتخاب اس وجہ سے کیا۔‘
میسی نے بتایا کہ ان کی فیملی امریکی ریاست میں اچھی طرح بس گئی ہے اس کے باوجود کہ انہیں ابھی تک اس علاقے میں کوئی مستقل گھر نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جنوبی فلوریڈا میں ہسپانوی بولنے والی کمیونٹی کا حصہ بن کر اچھا لگا۔
بقول میسی: ’شروع سے میری آمد کے بعد میرا استقبال متاثر کن تھا۔ یہ بہت سے لاطینی باشندوں کا شہر ہے اور اس سے ہر چیز بہت آسان ہو جاتی ہے۔‘
انہوں نے کہا: ’میں خوش ہوں۔ میں اپنی زندگی کے اس نئے باب سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ امریکہ میں رہنا میری ہمیشہ سے خواہش تھی۔‘