پاکستان کے لیے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے عنقریب اہم ترین شخصیات کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
انہوں نے یہ بات منگل کو پاکستان کے نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد سے ملاقات میں کہی ہے۔
تاہم سعودی سفیر نے اس حوالے مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔
پاکستانی وزارت برائے مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے نگران وزیر مذہبی امور سے ملاقات میں کہا کہ ’رابطہ عالم اسلامی دور حاضر کے مسائل پر عنقریب عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔‘
نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ ’نوجوان نسل کو مسائل کے حل کی طرف متوجہ اور آمادہ کرنا ہو گا۔‘
انہوں نے اس ملاقات میں کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا حالیہ دورہ پاکستان ’انتہائی کامیاب‘ اور ’یادگار‘ رہا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ چار روزہ سرکاری دورے پر 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس حوالے سے نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’یہ کوئی 40 سال میں کسی سعودی حج وزیر کا پہلا پاکستان کا دورہ تھا، جس وجہ سے یہ خاصہ اہم تھا۔‘
انیق احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کچھ دیرینہ مسائل تھے، ’جیسے کہ ہمارے دو پاکستان ہاؤسز تھے اور حرمین کی توسیع کے کام میں ان کو ڈھا دیا گیا، سعودی حکومت کا یہ کام ہوتا ہے اس کے بدلے رقم دی جاتی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی وزیر حج نے یہ مطالبہ قبول کر لیا ہے کہ مکہ اور مدینہ میں پاکستان کے 16 کروڑ ریال سے پاکستان ہاؤسز بنائے جائیں۔‘