امید ہے پیٹرول کے حوالے سے خوش خبری ملے گی: وزیر تجارت

نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کے مطابق ’پیٹرول کی قیمتیں بھی کرنسی کی وجہ سے بڑھی ہے، مجھے پوری امید ہے کہ کرنسی کی قیمت مستحکم ہونے سے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے خوش خبری آئے گی۔‘

نگران وزیرتجارت گوہر اعجاز کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے(تصویر: ایمرجنگ پاکستان فیس بک پیج)

پاکستان کے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے ہفتے کو امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے ’خوش خبری‘ ملنے کا امکان ہے۔

کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ’مجھے پوری امید ہے کہ کرنسی کی قیمت مستحکم ہونے سے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں کی خوش خبری آئے گی۔‘

پاکستان میں رواں ماہ ہی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد ملک میں پیٹرول 331 روپے 38 پیسے جبکہ ڈیزل 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے ہفتے کو بات کرتے ہوئے وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ’پیٹرول کی قیمتیں بھی کرنسی کی وجہ سے بڑھیں۔ بجلی کی قیمتیں بھی اسی وجہ سے بڑھیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے پوری امید ہے کہ کرنسی کی قیمت مستحکم ہونے سے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں کی خوش خبری آئے گی۔‘

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب بہترین دوست ہیں۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بہت بڑی سرمایہ کاری آئے گی۔‘

انہوں نے اس بارے میں مزید کہا کہ ’وزیراعظم، ایس آئی ایف سی، وزیر خزانہ کے اقدامات سے ڈالر کی قدر واپس اپنی جگہ پر آ چکی ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ یہ سرمایہ کاری 25 ارب یا 50 ارب ڈالر کی ہے۔ اس پر بات چیت چل رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس مہنگائی کی وجہ بھی کرنسی (ڈالر) کی قدر میں اضافہ ہے۔ گذشتہ سال ڈالر کی قیمت 160 روپے تھا، اس سال 305 کا ہو گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقعے پر نگران وزیر تجارت کے ہمراہ موجود گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈالر کو 250سے 255 تک لایا جائے گا۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ’ہم سب مل کر پاکستان کی معیشت کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صنعت کاروں نے بھی اس بات کو سراہا ہے۔‘

گورنر سندھ کے مطابق ’ملک کے بڑے مسائل پر بڑے ایکشن ہو رہے ہیں۔ حکومت سستی بجلی اور سستی گیس کی سپلائی کو یقینی بنائے۔ اس پر بھی بات ہوئی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’صنعت کاروں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ حکومت اور صنعت کاروں کے درمیان موجود خلیج ختم ہو گا۔ نگران حکومت ایسی پالیسیز مرتب کر کے جائے گی کہ آگے آنے والی حکومت اس پر عمل کر سکے۔‘

پاکستان میں رواں ماہ کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں تقریباً 36 روپے جبکہ انٹر بینک میں سات روپے تک کی کمی دیکھی گئی۔

نگران وزیر اطلاعات نے گذشتہ دنوں انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ڈالر کی قدر میں ’تیزی‘ سے کمی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم نے سٹے بازی، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کو روکا ہے، جس کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان