کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں انڈیا نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔
اتوار کو چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی آسٹریلیا کی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بظاہر محسوس ہوا کہ سپننگ وکٹ پر آسٹریلوی بلے باز انڈین بولرز کی بولنگ کو سمجھ نہیں پا رہے۔
مچل مارش آسٹریلیا کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو تیسرے ہی اوور میں جسپریت بمرا کا نشانہ بن کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ان کے بعد آنے والے بلے باز سٹیو سمتھ نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر انڈین بولنگ کو قدرے بہتر انداز میں کھیلنا شروع کیا تو سمتھ اور وارنر کے درمیان اچھی لیکن سست رو شراکت کے بدولت آسٹریلوی ٹیم 16 اوورز میں صرف 74 رنز بنا سکی۔ یہاں ڈیوڈ وارنر انڈین سپنر کلدیپ یادو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں کھوتی رہی اور 49.3 اوورز میں 199 رنز بنا سکی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈیوڈ وارنر 41 اور سٹیو سمتھ 46 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جانب سے سرفہرست بلے باز رہے۔
انڈیا کی جانب سے رویندر جدیجہ تین، کلدیپ یادو اور جسپریت بمرا دو دو وکٹیں حاصل کر سکے۔
جواب میں انڈین اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ بہتر نہ تھا اور پہلی تین وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئیں لیکن یہاں وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے انڈین اننگز کو سنبھالہ دیتے ہوئے انڈیا کو میچ میں سبقت دلا دی۔
دونوں کے درمیان 165 رنز کی شراکت داری نے میچ آسٹریلیا کی گرفت سے نکال دیا لیکن وراٹ کوہلی صرف 15 رنز کے فرق سے اپنی سینچری نہ مکمل کر سکے۔
کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد ہردک پانڈیا اور کے ایل راہل نے انڈین اننگز کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
انڈیا نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور کی دوسری گیند پر پورا کر لیا۔
کے ایل راہل 97 رنز بنا کر انڈیا کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے 38 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔