انڈیا نے تین ایک روزہ میچوں کی سریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
اندور میں اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انڈین بلے بازوں نے بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سکور بورڈ پر 399 رنز کا ہندسہ سجا دیا۔
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے شھبمن گل نے مسلسل دوسرے میچ میں اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری سکور کی۔ گذشتہ میچ میں وہ 74 رنز بنا سکے تھے۔
گل کے علاوہ انڈین بلے باز شریس اییئر، سوریا کمار یادو اور کے ایل راہل نے بھی آسٹریلوی بولرز کو تاک پر رکھتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
شریس اییئر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کے ایل راہل 52 اور سوریا کمار نے 72 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 10 اوورز میں 103 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ سوریا کمار یادو نے ان کے ایک اوور میں چار چھکے لگا کر کیمرون گرین کو اس میچ کا مہنگا ترین بولر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین اننگز کے جواب میں آسٹریلیا کی بلے بازی شروع ہوئی تو میچ کو بارش نے آ لیا۔ تعطل کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئیس کے تحت آسٹریلیا کو 33 اوورز میں 317 رنز کا مشکل ہدف ملا۔
لیکن آسٹریلوی بلے بازوں نے تیزی سے سکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جس کی بدولت وقفے وقفے سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں۔
ڈیوڈ وارنر اور شون ایبٹ کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 29ویں اوور میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سیریز کے پہلے میچ میں بھی انڈیا نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد انڈیا آئی سی سی کی ایک روزہ رینکنگ میں بھی نمبر ون ٹیم بن گئی۔
اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی انڈین ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔