نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سری لنکا کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ برائے 2023 کی فاتح بننے والی پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ بھرپور تیاری کرکے جیتنے کی نیت سے آئے تھے۔
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے پیر (نو اکتوبر) کوکھٹمنڈو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا ہے۔
میچ کے بعد ویڈیو کال پر اپنے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے کھلاڑی احمد یار نے کہا کہ انہوں نے بہت محنت کی تھی اور وہ بھرپور تیاری کرکے آئے ہوئے تھے۔ ’اللہ نے اس (محنت) کا پھل دیا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی صدر رخسانہ راجپوت نے کہا کہ کھلاڑی محنت کرکے آئے تھے کہ ہم نے جیت کر جانا ہے، چیمپیئن بن کر ہی جانا ہے۔
اگر میچ کی بات کی جائے تو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 215 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کے عمر گل نے 95 اور محمد عدنان نے 66 رنز بنائے اور اس طرح دونوں کی 140 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔
سری لنکن بلے بازوں نے کھیل شروع کیا تاہم پاکستانی بولرز نے انہیں جم کر کھیلنے نہ دیا اور پوری ٹیم 113 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی بولر عمر گل نے چار وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
سری لنکن کھلاڑی کروآرٹنا کو ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کارکردگی پر ’مین آف دی سیریز‘ کا اعزاز دیا گیا۔
اسی طرح بہترین فیلڈر کا ایوارڈ پاکستان کے مثال خان کو دیا گیا۔
بہترین بولر کا اعزاز محمد فیاض کو حاصل ہوا جبکہ موذن نواز کو بہترین وکٹ کیپر کے طور پر تسلیم کیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے گذشتہ روز روایتی حریف انڈیا کو 38 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔
پاکستان، کھٹمنڈو میں ہونے والے اس ایونٹ کا شریک میزبان بھی تھا۔