پاکستان کی وزارت خزانہ نے آٹھ فروری 2024 کو آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب 40 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔
وزارت خزانہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ جولائی 2023 میں بھی الیکشن کمیشن کو 10 ارب روپے جاری کیے گئے تھے اور اضافی فنڈز کے اجرا کے بعد کل 27 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزارت خزانہ الیکشن کمیشن کو درکار فنڈز کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
Finance Division has released Rs. 17.4 billion to Election Commission of Pakistan in addition to Rs. 10.0 billion released in July 2023 for conduct of general elections in the country. This brings the total released amount to Rs. 27.4 billion for holding general elections. (1/2)
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) December 5, 2023
پاکستان کے نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے پیر کو واضح کیا کہ آئندہ عام انتخابات منعقد کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے ’کوئی بحران نہیں۔‘
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے درکار فنڈز نہ ملنے پر وزارت خزانہ سیکریٹری عماد اللہ بوسال سے پیر کو ملاقات کی تھی، جس کے بعد حکومت کی طرف سے یقین دہائی کروائی گئی تھی کہ فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔
نگران وزیر اطلاعات نے بھی پیر کی شام ایک بیان میں کہا کہ ’وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بجٹ ضروریات کے لیے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے اور کمیشن کو جو بھی بجٹ درکار ہو گا، وہ ضرورت کے مطابق جاری کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے آٹھ فروری کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ مالی وسائل کے حصول کے علاوہ کمیشن کو پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت سے سکیورٹی بھی درکار ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے پیر کو سیکریڑی داخلہ آفتاب اکبر درانی کو ایک مراسلے میں کہا تھا کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورت حال کے پیش نظر پولنگ سٹیشنز پر فوج تعینات کی جائے۔
مراسلے کے مطابق الیکشن کے دوران پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور سٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اس وقت تین لاکھ 28 ہزار 510 اہلکار دستیاب ہیں جبکہ کل دو لاکھ 77 ہزار 558 اہلکاروں کی کمی ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اہلکاروں کی کمی کو پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے ذریعے پورا کیا جائے۔