’غزہ پر ترک حساسیت‘: سٹار بکس کپ رکھنے والی اینکر برطرف

ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی نے ایک بیان میں کہا: ’ہمارا ادارہ غزہ کے حوالے سے ترک عوام کی حساسیت کو جانتا ہے اور آخر تک ان کا دفاع کرے گا۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے عمل یا نشریات کو منظور کرنا بالکل ناممکن ہے۔‘

24 دسمبر 2023 کو ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی پر نشر ہونے والی خبروں میں اناؤنسر میلٹم گنائے کو اپنے سامنے سٹار بکس کے کپ کے ساتھ خبر پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا (سکرین گریب)

ترکی کے ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی نے مشہور کافی برانڈ ’سٹار بکس‘ کے کپ کے ساتھ نیوز بلیٹن کرنے پر اپنی ایک نیوز اینکر میلٹم گنائے اور نیوز ڈائریکٹر کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک جاری بیان میں کہا: ’24 دسمبر 2023 کو ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی پر نشر ہونے والی خبروں میں اناؤنسر میلٹم گنائے کو اپنے سامنے سٹار بکس کے کپ کے ساتھ خبر پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ہمارے ادارے کے اصولوں کے مطابق اناؤنسر کے لیے خبر کو اس انداز میں پیش کرنا سختی سے منع ہے جو ٹی جی آر ٹی خبر ٹی وی پر کسی بھی کمپنی کی تشہیر کرے۔‘

مزید کہا گیا کہ ’اس اصول کے خلاف کام کرنے والی نیوز اینکر اور ڈائریکٹر کی ملازمت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ہمارا ادارہ غزہ کے حوالے سے ترک عوام کی حساسیت کو جانتا ہے اور آخر تک ان کا دفاع کرے گا۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے عمل یا نشریات کو منظور کرنا بالکل ناممکن ہے۔‘

رواں برس اکتوبر کے اوائل میں حماس کی جانب سے اسرائیل پر اچانک حملے کے بعد سے فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے جاچکے ہیں، ہزاروں زخمی ہیں اور لاکھوں بے گھر ہو کر کیمپوں میں مقیم ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پوری دنیا کی جانب سے غزہ میں سیزفائر کے مطالبے کیے جارہے ہیں جبکہ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے مشہور برانڈز کے بائیکاٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ان ہی میں سے ایک عالمی شہرت یافتہ کافی برانڈ سٹاربکس بھی ہے۔ دی اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 11 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ویب سائٹ آر ٹی ڈاٹ کام کے مطابق ترکی میں اس کمپنی کو خاص طور پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں قومی ریلوے کمپنی ٹی سی ڈی ڈی نے امریکہ میں فلسطینیوں کے حامی اپنے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا اور بعدازاں سٹاربکس کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل