حافظ سعید حوالگی: انڈیا سے اس حوالے سے معاہدہ نہیں، پاکستان

انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان آرندم باگچی نے جمعے کو بتایا تھا کہ انڈیا نے باضابطہ طور پر پاکستان سے حافظ سعید کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

انڈیا کی جانب سے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعے کو کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس قسم کی حوالگی کا دو طرفہ معاہدہ موجود نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا: ’پاکستان کو انڈین حکام کی جانب سے نام نہاد منی لانڈرنگ کیس میں حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست موصول ہوئی ہے۔ یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان حوالگی کا کوئی دوطرفہ معاہدہ موجود نہیں ہے۔‘

اس سے قبل انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان آرندم باگچی نے جمعے کو بتایا تھا کہ انڈیا نے باضابطہ طور پر پاکستان سے حافظ سعید کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

انڈیا کا الزام ہے کہ حافظ سعید 2008 کے ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں تاہم پاکستان اس الزام سے انکار کرتا ہے۔ 

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق باگچی نے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ میں بتایا: ’ہم نے حکومت پاکستان کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ایک درخواست بھیجی ہے۔‘

گذشتہ روز جمعرات کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اس مطالبے کو مصدقہ کہنے کے بجائے قیاس آرائی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کوئی مفصل جواب نہیں دیا تھا۔

اس سوال پر کے کیا واقعی انڈیا نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے جواب دیا تھا کہ ’یہ خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ ہم قیاس آرائی پر مبنی رپورٹنگ پر تبصرہ نہیں کرتے۔‘

اس وقت حافظ سعید پاکستان کی جانب سے بھی عدالتی سطح پر سزا یافتہ ہیں اور جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپریل 2022 میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر قانونی فنڈنگ کیس میں کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو مجموعی طور پر دو مقدمات میں 31 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے 2019 میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں شروع کی تھیں جب اقوام متحدہ کہ سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی لسٹ سے نکلوانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

حافظ سعید کون ہیں؟

حافظ محمد سعید مذہبی و فلاحی جماعت الدعوہ کے بانی امیر ہیں۔ قومی سطح کے معاملات میں رائے عامہ کو ہموار کرنے اور کشمیریوں پر انڈین مظالم کے خلاف پاکستان میں توانا آواز رکھتے ہیں۔ حافظ سعید کشمیر کی آزادی کے لیے چلنے والی کئی تحریکوں کی سربراہی کر رہے ہیں اور دفاع پاکستان میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔ حافظ سعید قرآن کے حافظ اور علوم اسلامیہ پر دسترس رکھتے ہیں۔

لاہور کی معروف جامعہ یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں شعبہ اسلامیات کے پروفیسر اور سربراہ رہ چکے ہیں۔

وہ لاہور کے چوبرجی چوک میں واقع جامع مسجد القادسیہ میں ماہ رمضان کے دوران قرآن مجید کی تفسیر بھی بیان کرتے رہے ہیں۔

ریاض، سعودی عرب کے معروف تعلیمی ادارے کنگ سعود یونیورسٹی سے عربی ادب میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور گولڈ میڈل کے حامل ہیں۔ سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ عبدالعزیز کے براہ راست شاگرد بھی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے واپسی پر 1980 کے عشرے میں دعوت دین کی بنیاد پر لاہور سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان