غزہ سے یکجہتی: ملک میں سال نو پر آتش بازی، فائرنگ پر پابندی

رواں برس پاکستان کے نگران وزیر اعظم  انوار الحق کاکڑ نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے نئے سال کی آمد پر کسی قسم کے بھی جشن پر پابندی لگائی ہے۔

یکم جنوری، 2021 کی اس تصویر میں راولپنڈی میں نیو ایئر نائٹ پر آتش بازی کا منظر(اے ایف پی)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور سندھ کے بڑے شہروں میں سال نو کی شب آتش بازی اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگائی گئی ہے اور صوبائی حکومت اور پولیس نے ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

رواں برس پاکستان کے نگران وزیر اعظم  انوار الحق کاکڑ نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے نئے سال کی آمد پر کسی قسم کے بھی جشن پر پابندی لگائی ہے۔

اپنے بیان میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا: ’میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور نئے سال کی صبح کے ساتھ سادگی کا مظاہرہ کریں۔‘

اس اعلان کے بعد صوبوں میں بھی نیو ایئر نائٹ کے جشن پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی صوبہ پنجاب میں نیو ایئر نائٹ پر سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال نو کی آمد پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 21 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی پر تعینات کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجان ڈاکٹر عثمان انور نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صوبے بھر کی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک و امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔

’سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کسی بھی شخص کو غل غپاڑہ، شہریوں سے بدتمیزی، اخلاقی حدود سے تجاوز کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے پر پنجاب پولیس زیرو ٹالرنس دکھائے گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اتوار کی سہ پہر سے ہی ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، ہائی وے پٹرول ٹیمیوں کی سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھا دی جائے گی۔ تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے اور ہم اس برس گذشتہ سال کے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز، ہوائی فائرنگ کے ملزمان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی ناکے لگائے جائیں گے جبکہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران سڑکوں پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کررہے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے اس حکم کو مدنظر رکھتے پوئے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں اور ان کے والدین کے لیے ایک پیغام جاری کیا۔

کراچی سے نامہ نگار صالحہ فیروز خان کے مطابق کراچی میں سال نو کی شب، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ کراچی کے ساحل پر ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ 

نئے سال کے موقع پر کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کمشنر کراچی سلیم راجپوت کا کہنا ہے کہ ’نئے سال کی وجہ سے دفعہ 144کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اور ون ویلنگ اور فائر کریکر چلانے پر پابندی عائد ہوگی، پابندی اتوار کی رات سے یکم جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی۔‘

دوسری جانب کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے سال نو پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ’ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جن میں اقدام قتل کی دفعات شامل ہوں گی۔‘

لاہور اور کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی سکیورٹی سخت کی گئی ہے اور مساجد سے سال نو کی آمد پر سادگی اختیار کرنے کے تاکیدی پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان