پاکستانی غیر سرکاری تنظیم ’فکس اٹ‘ نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو آن لائن کمائی کے ہنر سیکھنے کا مرکز پشاور میں قائم کیا ہے جہاں نوجوان یہ ہنر بالکل مفت سیکھ رہے ہیں۔
اسفکس اٹ سکل سینٹر میں ایمازون، دراز، شاپی فائی، ڈی آئی ٹی اور اس کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان کے کورسسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔
فکس اٹ کو پشاور میں عدنان خان کی نگرانی میں چلایا جا رہا ہے جن کا تعلق خبر پختونخوا کے علاقے ہنگو سے ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے عدنان نے بتایا کہ وہ 2014 میں پشاور تعلیم حاصل کرنے آئے تھے۔
یہیں سوشل ورک کا شوق ہوا پھر 2018 میں فکس اٹ پشاور کا کام شروع کر دیا جہاں اب وہ انچارج کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
عدنان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ ڈیجیٹل دور ہے۔ لوگوں کو ایمازون اور دراز جیسی چیزوں کو سمجھانا اور سکھانا ہے۔
’پشاور میں لوگوں کا اچھا ردعمل ملا۔ الحمداللہ تقریباً 1800 سے اوپر فارمز جمع ہوئے صرف ایک ہفتے میں۔
’باہر فیسیں زیادہ ہیں۔ یہاں پر ہم فی سبی اللہ سکھائیں گے۔ ڈی آئی ٹی، سی آئی ٹی اور ایمازون وغیرہ جیسے تمام کورسز ہوں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ہمارے پاس جگہ تھی وہ ہم نے ایسی بنائی جیسے بڑی بڑی اکیڈمیاں ہیں، پھر وہ اساتذہ رکھے جو ماہر اور تجربہ کار ہوں۔ اگر کوئی ایمازون پڑھاتا ہے تو اس نے خود کچھ کمایا ہو۔ اگر کوئی ڈی آئی ٹی کا ہو، تو اس کا تجربہ ہو 10 سے 12 سال کا۔‘
عدنان کے مطابق انہوں نے اپنے ادارے میں طالب علموں کے لیے کسی قسم کی پابندی نہیں رکھی، چاہے وہ کسی بھی علاقے سے تعلق رکھتے ہوں، وہ وہاں داخلہ لے سکتے ہیں۔
اسی حوالے سے عدنان نے بتایا کہ ’ہم نے کوئی ایسی سختی نہیں کی کہ آپ کا پاکستانی ہونا ضروری ہے۔ یہاں پر افغان شہریوں نے بھی داخلہ لیا ہے۔‘
فکس اٹ سکل سینٹر کے ڈی آئی ٹی انسٹرکٹر امجد خان نے انڈٰپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ فکس اٹ سینٹر میں ڈیمو کلاسسز شروع کی ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ کون سا طالب علم کون سے کورس کے لیے اچھا ہے، جبکہ کون سا کورس پہلے سیکھ کر دوسرے میں آسانی لاسکتا ہے۔
چترال سے آئے ہوئے طالب علم مصباح الدین نے بتایا کہ انہوں نے فکس اٹ سکل سینٹر میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا کورس شروع کیا ہے۔
ان کا ارادہ ہے کہ وہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے ہنر بھی سیکھ لں جو ان کے روزگار میں بھی کام آئیں۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔