تیسرا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 179 رنز ہی بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کے فن ایلن (درمیان) 17 جنوری 2024 کو نیوزی لینڈ اور پاکستان  کے درمیان ڈنیڈن میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ کے دوران اپنی سنچری بنانے کے بعد جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی)

ڈنیڈن میں بدھ کو کھیلے جا رہے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے دی۔

میچ کے آغاز پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد نیوزی لینڈ نے بلے بازی شروع کی اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز ہی بنا سکی۔

بابر اعظم 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نواز نے 28، محمد رضوان نے 24، فخر زمان نے 19، صائم ایوب اور اعظم خان نے 10، 10 رنز بنائے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی اننگ میں فن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنز بنائے تھے، ٹم سیفرٹ 31 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ گلین فلپس 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کے حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ لی۔

نیوزی لینڈ کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پر پہلے ہی سبقت حاصل ہے، جب اس نے دو میچوں میں پاکستان کو بالترتیب 46 اور 21 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل جیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہم تیار ہیں۔‘

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے عبوری کپتان مچل سینٹنر نے اچھے سکور کی امید ظاہر کی تھی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو انجری کی وجہ سے آرام دیا گیا ہے اور وہ سیریز کے بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے پاس یہ ریکارڈ ہے کہ وہ ڈنیڈن یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے 15 بین الاقوامی میچوں میں کبھی نہیں ہاری۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ