نیوزی لینڈ نے اتوار کو ہملٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 173 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا تاہم دوسرے ہی اوور میں صائم ایوب ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی صرف سات رنز بنا سکے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا اور فخر زمان 25 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوائے۔
افتخار احمد ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان بھی دو رنز بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری سکور کی اور انہوں نے 43 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے لیکن ان کے 66 رنز اور فخر زمان کی نصف سینچری بھی پاکستان کو فتح نہ دلا پائی۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے ایک بار پھر ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز ہوا تو اس بار ڈیوڈ کونوے نے اپنی وکٹ بچاتے ہوئے فن ایلن کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کے شراکت میں 59 رنز بنا ڈالے۔
کونوے 20 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو کین ولیم سن بیٹنگ کرنے آئے۔ 111 کے مجموعی سکور پر کین ولیم سن 26 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جلد ہی فن ایلن بھی 41 گیندوں پر 74 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
ان کے بعد کوئی بھی کیوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں۔ ڈیرل میچل 17، گلین فلپس 13 اور میچل سینٹنر 25 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 38 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
عباس آفریدی 43 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سکے جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر ایک ایک وکٹ لے سکے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔