بابر اعظم: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے ’تنہا سپاہی‘

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا تو کرنا پڑا لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ان تینوں ہی میچوں میں ففٹی سکور کی۔

17 جنوری 2024 کی اس تصویر میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم ڈنیڈن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاٹ کھیلتے ہوئے (اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا تو کرنا پڑا لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ان تینوں ہی میچوں میں ففٹی سکور کی۔

ورلڈ کپ 2023 میں ناقص پرفارمنس کے باعث پہلے ہی مرحلے میں پاکستانی ٹیم کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد بابر اعظم  نے تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو سونپی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کپتانی کی ذمہ داری کے بوجھ سے آزاد ہو کر کھیلی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 57، دوسرے میں 66 اور تیسرے میچ میں 58 رنز بنائے۔

سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی اس پرفارمنس کو سراہ رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب شکست کا ملبہ بابر اعظم پر نہیں ڈالا جا سکتا، بلکہ اگر ان کی انفرادی کارکردگی کو دیکھا جائے اور ان کا ساتھ دینے والا اگر کوئی ہوتا تو میچوں کے نتائج مختلف بھی نکل سکتے تھے۔

یہاں تک کہ کیوی بلے باز ٹم سیفرٹ کا بھی کہنا تھا کہ ’دوسرے اینڈ سے بابر اعظم کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں تھا، لیکن اس کے باوجود کچھ ماہرین ان پر الزام عائد کریں گے۔‘

ایکس صارف سہیل عمران کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم نے مسلسل تیسری ففٹی سکور کی ہے۔ کہنے والوں کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی نہیں ہے۔ اوپننگ سے بھی ہٹا دیا لیکن بابر اعظم نے ثابت کیا کہ انہوں نے تو بس رنز بنانے ہیں۔‘

سمیع ندیم نے لکھا: ’یہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ نہیں، بابر اعظم بمقابلہ نیوزی لینڈ تھا۔ وہ آپ کو گرانے کی کوشش کریں گے، آپ نے انہیں غلط ثابت کرنا ہے۔‘

سوشل میڈیا صارف فہد نے انڈین بلے باز وراٹ کوہلی کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس میں وہ کہتے نظر آئے: ’میرے علاوہ بھی ٹیم میں 10 کھلاڑی ہیں، دوسروں پر بھی فوکس کیجیے۔ سب کچھ میں کر لوں گا تو وہ کیا کریں گے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے لکھا: ’بابر سے بھی یہی سننا چاہتا ہوں، بابر کے علاوہ بھی ٹیم میں 10 کھلاڑی ہیں۔‘

ایک اور ایکس صارف نے کہا: ’بابر اعظم کی جانب سے مسلسل تیسری نصف سینچری، تنہا سپاہی، اگر دوسرے اینڈ سے انہیں سپورٹ کرنے والا کوئی ہوتا تو ہم میچ جیت جاتے۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل