انڈیا میں ایک اندرون ملک پرواز کے دوران دروازے کی خرابی کے بعد ایک مسافر پورے سفر کے دوران دوران جہاز کے ٹائلٹ میں پھنسا رہا۔
یہ واقعہ بدھ کو سپائس جیٹ کی ممبئی سے بنگلورو جانے والی پرواز میں پیش آیا جب ایک مسافر طیارے کے ٹیک آف کے فوراً بعد بیت الخلا استعمال کرنے کے لیے ٹائلٹ گیا جہاں وہ ایک گھنٹہ اور 45 منٹ طویل سفر کے دوران پھنسا رہا۔
جب عملے کو اس بارے میں علم ہوا تو انہوں نے باہر سے دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔
طیارے کے بنگلورو ہوائی اڈے پر اترنے اور تکنیکی ماہرین کی مداخلت کے بعد ہی مسافر کو طیارے کے تنگ ٹائلٹ سے نکالا جا سکا۔
نجی فضائی کمپنی سپائس جیٹ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسافر کو پورا کرایہ واپس کیا جائے گا۔
ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا: ’16 جنوری کو دروازے کے لاک میں خرابی کی وجہ سے ایک مسافر بدقسمتی سے ممبئی سے بنگلور جانے والی سپائس جیٹ کی پرواز میں تقریباً ایک گھنٹے کے لیے ٹائلٹ کے اندر پھنسا رہا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’سفر کے دوران ہمارے عملے نے مسافر کو مدد اور رہنمائی فراہم کی۔ لینڈنگ کے بعد ایک انجینئر نے ٹائلٹ کا دروازہ کھولا اور مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔‘
رپورٹس کے مطابق پرواز کے دوران عملے نے دروازے کے نیچے سے تحریری نوٹ کی مدد سے بیت الخلا میں پھنسے مسافر سے رابطہ قائم رکھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دروازہ کھولنے کی ان کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد تحریری نوٹ میں مسافر سے کہا گیا کہ انہیں ’گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘ نوٹ میں کہا گیا کہ ’طیارہ چند منٹوں میں لینڈنگ کی تیاری کر رہا ہے اس لیے وہ کموڈ کا ڈھکن بند کر کے اس پر بیٹھ جائیں اور اپنے آپ کو محفوظ رکھیں۔ جیسے ہی مرکزی دروازہ کھلے گا انجینئر (مدد کو) پہنچ جائیں گے۔‘
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈیا میں پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے واقعات عام ہیں۔
انڈیا میں ہوا بازی کے حوالے سے صورت حال اور بھی خراب ہو گئی ہے کیونکہ سردی کی لہر کی وجہ سے ملک کے شمالی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے پروازوں میں خلل پڑ رہا ہے۔
پیر کو ایک اور نجی ایئر لائن انڈیگو کی فلائٹ میں سوار ایک مسافر کا پائلٹ سے جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس واقعے میں ایک مسافر نے پائلٹ پر حملہ کیا جو دہلی سے گوا جانے والی فلائٹ کی مزید تاخیر کا اعلان کرنے آئے تھے۔ یہ پرواز پہلے ہی 10 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کا شکار تھی۔
ایئر انڈیا کی پرواز بھی تقریباً 17 گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی اور اس واقعے نے ایک نئی بحث کو جنم دیا جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مسافروں کو ممبئی ایئرپورٹ کے رن وے پر اس وقت کھانا کھاتے ہوئے دکھایا گیا جب وہ پرواز کی روانگی کا انتظار کر رہے تھے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔
© The Independent