مجھے ماں کون کہے گا؟ اسرائیلی حملے میں مرنے والے جڑواں بچوں کی والدہ

تدفین کے موقعے پر بچوں کی ماں رانيا ابو عنزہ نے کفن میں لپٹے جڑواں بچوں میں سے ایک کو اپنے گال کے ساتھ لگایا اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے چند ہفتے بعد پیدا ہونے والے جڑواں بچوں وسام اور نعیم ابو عنزہ کو اتوار کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جڑواں بچے خاندان کے ان 14 افراد میں سب سے کم سن تھے، جو رات گئے رفح پر اسرائیلی فضائی حملے میں جان سے گئے۔

تدفین کے موقعے پر بچوں کی ماں رانيا ابو عنزہ نے کفن میں لپٹے جڑواں بچوں میں سے ایک کو اپنے گال کے ساتھ لگایا اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرا۔ اس دوران ایک سوگوار نے دوسرے بچے کو تھامے رکھا۔ کفن کے نیچے بچوں کا ہلکے نیلے رنگ کا پاجامہ دکھائی دے رہا تھا۔

اس موقعے پر بچوں کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ ’میری جان نکل گئی۔‘ اسرائیلی حملے میں خاتون کے شوہر بھی جان سے گئے۔ بچوں کی تدفین کے موقعے پر موجود سوگوار لوگوں نے خاتون کو دلاسا دیا۔ غمزدہ ماں بچوں کی لاشیں دفن کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں۔ انہوں نے مدھم آواز میں کہا کہ ’بیٹی کو میرے پاس رہنے دیں۔‘

اسرائیلی حملے میں جان سے جانے والے کم سن بچوں میں ایک لڑکی اور ایک لڑکا تھا۔ غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملے میں تین دیگر بچے بھی جان سے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ابو عنزہ نے کہا کہ حملے میں جان سے جانے والے بچے شادی کے 11 سال بعد ان کی پہلی اولاد تھے۔ ’ہم سو رہے تھے۔ ہم فائرنگ نہیں کر رہے تھے۔ ہم لڑائی نہیں کر رہے تھے۔ بچوں کا کیا قصور ہے۔ ان کا کیا قصور ہے۔ اب میں کیسے زندہ رہوں گی۔‘

رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ جڑواں بچوں کی پیدائش تقریباً چار ماہ قبل ہوئی تھی۔ اسرائیلی حملے کو ایک ماہ ہو چکا تھا۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 30 ہزار سے زیادہ فلسطینی جانیں گنوا چکے ہیں۔ علاقہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے جب کہ آبادی کا بہت بڑا حصہ نقل مکانی کر چکا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی رانيا ابو عنزہ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں روتے ہوئے کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’اب مجھے ماں کون کہے گا۔ مجھے ماں کون کہے گا؟‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا