زلمی بمقابلہ سلطانز میچ کا ’ٹرننگ پوائنٹ‘ آصف کا کیچ اور مہران کی بولنگ

پشاور زلمی کی ملتانز سلطانز کے خلاف جیت میں نوجوان مہران ممتاز کی بولنگ اور آصف علی کے کیچ نے اہم کردار ادا کیا۔

پی ایس ایل نو میں پشاور زلمی واحد ٹیم ہے جس نے ملتان سلطانز کو دوسری مرتبہ شکست دی ہے (پی سی بی)

پشاور زلمی نے بابر اعظم اور صائم ایوب کی جارحانہ بیٹنگ اور پھر پاور پلے میں نوجوان بولر مہران ممتاز کی شاندار بولنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو اس پی ایس ایل میں دوسری بار شکست دے دی ہے۔

ملتان سلطانز اب تک پی ایس ایل نو میں صرف پشاور زلمی سے ہی ہاری ہے۔ لیکن اس ہار کا ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ وہ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم اور صائم ایوب کی جارحانہ بیٹنگ کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افتخار احمد اور کرس جارڈن کی پارٹنرشپ کی بدولت جیت کے کافی قریب آ گئی تھی مگر کامیاب نہ ہو سکی۔

افتخار احمد نے 24 گیندوں پر اپنی نصف سنچری سکور کی۔ ان کی 60 رنز کی اننگز میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل رہے۔ کرس جارڈن نے بھی ان کی خوب ساتھ نبھایا اور 12 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل ہیں۔

ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 30 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے ہدف کو حاصل نہ کرنے کی سب سے بڑی وجہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان مہران ممتاز اور آصف علی کا کیچ تھا جو انہوں نے ڈیوڈ ملان کا پکڑا۔

مہران ممتاز نے پاور پلے جیسے مشکل موقع پر بولنگ کرواتے ہوئے اپنے چار اووروں میں صرف 20 رنز دیے اور ریضا ہینڈرکس کی اہم وکٹ حاصل کی۔

انہی کی بولنگ کی وجہ سے ملتان سلطانز کے بلے بازوں کو رنز بنانے میں مشکل ہوئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال نے دو وکٹیں لیں اور ساتھ ہی محمد رضوان کو رن آؤٹ بھی کیا۔ ان کے علاوہ مہران ممتاز اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آخری اوور میں ملتان سلطانز کو جیتنے کے لیے 22 درکار تھے۔ اس موقع پر بابر اعظم نے سلمان ارشاد کو گیند تھمائی جنہوں نے تین اچھی گیندیں کروا کر اپنی ٹیم کو جیت دلوا دی۔ ملتان سلطانز نے اس اوور میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کل 18 رنز حاصل کیے۔

اس طرح ملتان سلطانز آخری اوور میں صرف چار رنز سے یہ میچ ہار گئی۔

اس سے قبل پیر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مایوس کن کارکردگی دکھانے والی پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور صرف پاور پلے میں ہی بنا کوئی وکٹ گنوائے 71 رنز بنا ڈالے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 64 جبکہ صائم ایوب نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں بلے بازوں نے مل کر سات چھکے اور 10 چوکے لگائے۔ بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ایک بار پھر پشاور زلمی کی وکٹیں جلدی جلدی گرنے لگیں۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر تین اور کرس جارڈن دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی ایک بار پھر نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز بدستور پہلے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر چوتھا ہے جبکہ پانچویں پر کراچی کنگز اور لاہور قلندرز سب سے آخر میں موجود ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ