شان، شاداب میں تلخ کلامی اور حیدر علی کے بلے سے جیت

اسلام آباد یونائیٹڈ ایک اور جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گیا جبکہ کراچی کنگز اب بھی پانچویں نمبر پر ہی ہے۔

کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ میں شان مسعود اور شاداب خان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی (پی سی بی)

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی کبھی جیت کبھی ہار کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بار پھر ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

راولپنڈی میں جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں کراچی کنگز کے پاس موقع تھا کہ وہ پواینٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لیں لیکن وہ ایسا نہ کر سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آغا سلمان اور شاداب خان کے بعد حیدر علی کی تیز رفتار اننگز کی بدولت آٹھ گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

کراچی کنگز نے 150 رنز کے دفاع میں عمدہ فاسٹ اور سوئنگ بولنگ سے کیا اور دو وکٹیں جلد ہی گرا دی تھیں لیکن اس کے بعد کپتان شاداب خان اور سلمان علی آغا کے درمیان پارٹنرشپ نے کراچی کنگز میں واپس آنے کا موقع نہیں دیا۔

شاداب اور سلمان علی آغا نے مل کر 58 رنز بنائے جس سے کراچی کنگز کے فیلڈرز کی باڈی لینگویج سے لگنے لگا تھا کہ وہ ہار مان چکے ہیں۔

اسی دوران بظاہر ایک ریویو کے معاملے پر شاداب اور شان مسعود کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ بھی پیش آیا جس پر بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ اس پارٹنرشپ نے شان مسعود پر دباؤ ڈالا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔

اس سے پہلے کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی میں اضافہ ہوتا ایمپائرز نے فوراً سے آگے بڑھ کر انہیں الگ کر دیا۔

اس واقعے کے فوراً بعد ہی پہلے سلمان علی آغا کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے اور پھر اعظم خان اور شاداب بھی آؤٹ ہو گئے۔

ایسے میں کراچی کنگز کو میچ میں واپسی کا موقع ملا تھا لیکن کریز پر آنے والے بلے باز حیدر علی اور فہیم اشرف کچھ زیادہ ہی جلدی میں دکھائی دیے۔

طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم اور تنقید کا سامنا کرنے والے حیدر علی نے آج تھوڑے وقت کے لیے ہی سہی لیکن ایک بار پھر اپنا ٹیلنٹ ضرور دکھایا۔

حیدر علی نے 16 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ فہیم اشرف آٹھ گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی کنگز کی بولنگ کی کہانی وہی ہے جو اس پورے ٹورنامنٹ میں دیکھنے کو ملی۔ ان کے لیے سب سے نمایاں بولر میر حمزہ رہے جنہوں نے تین وکٹیں تو لیں مگر چار اووروں میں 41 رنز بھی دیے۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ایک بار کیرون پولارڈ ہی تھے جنہوں نے 28 گیندوں پر 39 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

کراچی کنگز کے لیے اس ٹورنامنٹ میں کیرون پولارڈ وہ واحد بلے باز رہے ہیں جنہیں مسلسل ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج ایک بار پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ نسیم شاہ کی غیرموجودگی میں بھی انہوں نے کنگز کے بلے بازوں کو رنز بنانے کا آسان موقع نہیں دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹمل ملز نے تین، فہیم اشرف نے دو جبکہ حنین شاہ اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ