امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں جمعے کو وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر نے خط میں لکھا کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔
بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے خط میں کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے، جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خط میں کہا گیا کہ امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہوئے پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
خط کے مطابق: ’دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔