عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو پاکستان آرمی میں کیپٹن کا اعزازی رینک دیا گیا ہے۔
عامر خان نے اپنے انسٹاگرام اور ایکس اکاؤنٹس پر آرمی یونیفارم میں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جس کے ساتھ انہوں نے تحریر کیا: ’جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان آرمی کا بہت شکریہ جنہوں نے مجھے کیپٹن کے رینک سے نوازا۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عامر خان سے ملاقات کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
آرمی چیف کی کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں انڈین فائٹر کو ہرا کر پاکستان کو فتح دلوانے والے فائٹر شاہ زیب رند سے ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’آرمی چیف نے کھیلوں کے میدان میں دونوں کی شاندار کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کے نوجوانوں اور ان کی شاندار صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔‘
پاکستان آرمی کی جانب سے کھلاڑیوں کو اعزازی عہدے دیے جانے کی قابل ذکر تاریخ موجود نہیں ہے۔
اس سے قبل پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو 2017 میں پاکستان نیوی کی جانب سے ’ماسٹر چیف پیٹی آفیسر‘ کا عہدہ دیا گیا تھا مگر اسے مکمل طور پر سویلین کھلاڑی کو دیا گیا اعزازی عہدہ نہیں کہا جا سکتا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ 2007 میں فخر زمان بحیثیت انڈر ٹرینی سیلر پاکستان نیوی کا حصہ بنے تھے اور اس دوران انہوں نے پاکستان نیوی کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کے کئی مقابلوں میں حصہ بھی لیا تھا۔
پروفیشنل کرکٹر بننے کے خواب کی تعبیر کے لیے 2013 میں انہوں نے پاکستان نیوی چھوڑ کر کرکٹ کی دنیا میں اپنا کریئر بنانے کا فیصلہ کیا تھا، اور 2017 میں چیمپینئز ٹرافی میں انڈیا کے خلاف شاندار اننگز کی بنیاد پر انہیں نیوی میں اعزازی رینک سے نوازا گیا۔
تاہم محکمہ پولیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اعزازی رینکس دیے گئے، ان میں کرکٹر حارث رؤف کو اسلام آباد پولیس نے، شاداب خان کو پنجاب پولیس نے جبکہ نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس نے ڈی ایس پی کے اعزازی رینک سے نوازا تھا۔
جبکہ خیبر پختونخوا پولیس نے شاہین شاہ آفریدی کو ڈی ایس پی کا اعزازی رینک دیا تھا۔