پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے مطابق پیر کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان اور اپوزیشن کے دیگر سینیئر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں معاشی اصلاحات، انسانی حقوق اور علاقائی سلامتی کے لیے امریکی حمایت شامل ہے۔
امریکی مشن کے قائم مقام ترجمان تھامس منٹگمری نے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں میں پاکستانی عوام کے مستحکم اور محفوظ مستقبل کی خاطر پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے طویل مدتی اصلاحات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے لیے امریکہ کی حمایت پر زور دیا تاکہ وہ اپنے اصلاحات کے پروگرام پر آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کر سکے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی اہمیت اور مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے متعدد مواقع پر بھی روشنی ڈالی جن میں گرین الائنس فریم ورک کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں کو تیز کرنا بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اس امریکی سفیر سے پیر کو ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان، چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن موجود تھے۔
بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورت حال پر بھی بات کی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی ٹی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں ’عوام کے ووٹ کے حق کے خلاف ریاستی یلغار، بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد اعلانیہ اور غیراعلانیہ قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔‘
اس موقع پر قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے۔‘
عمر ایوب خان نے کہا کہ ’آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق ملک میں سیاسی استحکام کے ضامن ہیں۔‘