جاپان سے ہار، پاکستان اذلان شاہ ٹرافی نہ اٹھا سکا

فائنل میچ میں سکور 2-2 سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ پینلٹی سٹروکس پر ہوا، جس میں جاپان نے پاکستان کو باآسانی 4-1 سے ہرا دیا۔

پاکستان نے 11مئی، 2024 کو 13 سال کے بعد اذلان شاہ کپ کا فائنل کھیلا(سکرین گریب/پی ٹی وی سپورٹس)

جاپان نے ہفتے کو ملائیشیا میں پاکستان کو پینلٹی سٹروکس پر 1-4 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ جیت لیا۔

ایپواہ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے بہت سخت مقابلہ کیا، تاہم پینلٹی سٹروکس میں وہ بری طرح ناکام رہا۔

میچ کے پہلے کوارٹر میں جاپان کے تاناکا نے پاکستان کے خلاف 12 ویں منٹ میں پہلا گول سکور کر کے ٹیم کو لیڈ دلائی، جو پہلے کواٹر کے اختتام تک جاری رہی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے کوارٹر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا لیکن کوئی گول سکور نہ ہوا۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے محض تین منٹوں میں دو گول داغ دیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پہلا فیلڈ گول احمد اعجاز نے میچ کے 34ویں منٹ میں کیا، جس کے بعد 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے ایک اور فیلڈ گول کر دیا۔

تیسرا کوارٹر پاکستان کی سبقت کے ساتھ ختم ہوا، لیکن جاپان کے کازو ماسما نے چوتھے کواٹر کے47 ویں منٹ میں گول کر کے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔

مقررہ وقت میں میچ 2-2 سے برابر ہونے کے بعد فائنل کا فیصلہ پینلٹی سٹروکس پر ہوا اور یہاں جاپان نے باآسانی 1-4 سے کامیابی سمیٹ لی۔ 

پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں لیگ میچز میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اذلان شاہ کپ کے فائنل تک پہنچی تھیں۔

قومی ٹیم نے پانچ میچوں میں سے تین میں کامیابی سمیٹی جبکہ دو میچ برابر رہے۔

جاپان کی ٹیم نے اتنے ہی میچز میں سے چار جیتے۔ پاکستان کے خلاف اس کا میچ ڈرا ہوا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل