انگلینڈ نے ہفتے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ کی مدد سے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا۔
میزبان ٹیم کے ٹاپ بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک مرحلے پر محسوس ہو رہا تھا کہ انگلینڈ باآسانی 200 رنز کا ہدف عبور کر لے گا۔
تاہم اننگز کے آخری اوورز میں پاکستان کی تیز بولنگ نے کم بیک کیا اور انگلینڈ کو 183/7 پر محدود کر دیا۔
وکٹ کیپر کپتان بٹلر نے پہلے فل سالٹ (13 رنز) اور پھر ول جیکس (37 رنز) اور جونی بیرسٹو (21 رنز) کے ساتھ مل کر 15ویں اوور میں سکور 144 تک پہنچا دیا۔
تاہم اس موقعے پر انگلینڈ کے بیٹرز آؤٹ ہونے لگے اور سکور کرنے کی رفتار دھیمی پڑ گئی۔ بٹلر 18 ویں اوور میں 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے 51 گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ انگلینڈ نے اپنے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں لیں۔
پاکستان کی جوابی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ محمد رضوان پہلے ہی اوور میں صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چوتھے اوور میں محض 14 رنز پر اوپنر صائم ایوب (دو رنز) کے آؤٹ ہونے کے باوجود فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنا اور انگلش بولرز کو کھل کر چوکے چھکے لگائے۔
فخر اور بابر اعظم نے آٹھویں اوور میں سکور 67 رنز تک پہنچا دیا، لیکن اس موقعے پر بابر (32 رنز) ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
شاداب خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھرے اور صرف تین رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
13ویں اوور میں فخر چھٹے بیٹر تھے جو آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان کی جیت کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
افتخار احمد نے 23 جبکہ عماد وسیم نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 160 پر آؤٹ ہو گئی۔
انگلش بولرز میں ریس ٹوپلے تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ معین علی اور جوفرا آرچر نے دو، دو جبکہ کرس جارڈ اور عادل رشید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔