تیل پیدا کرنے والی سعودی عرب کی سرکاری کمپنی آرامکو نے پاکستان میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے 40 فیصد حصص خریدنے کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں قدم رکھ دیا ہے۔
آرامکو کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈینٹ آف پروڈکٹس اینڈ کسٹمر یاسر مفتی نے اس حوالے سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا: ’ہماری عالمی سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے اور یہ (پاکستانی کمپنی کے حصص کا) حصول ہمارے سفر کا ایک اہم اگلا قدم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گو‘ کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم آرامکو کی پاکستان میں قابل قدر صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔‘
یاسر مفتی نے مزید کہا: ’ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اعلیٰ صلاحیت کے اضافے کا خیرمقدم کرنے پر پرجوش ہیں اور نئے مواقعوں کے دروازے کھولنے اور آرامکو برانڈ کو بیرون ملک مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت کو یکجا کرنے کے منتظر ہیں۔‘
آرامکو اینڈ گیس نے دسمبر 2023 میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اعلان آرامکو اور گو کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ معاہدہ آرامکو کو والولین برانڈڈ لیوبریکینٹس کی اپنی بہتر مصنوعات کے لیے اضافی آؤٹ لیٹس کو بنانے میں مدد کرے گا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ معاہدہ آرامکو کا پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ میں پہلا قدم ہے جو کمپنی کی حکمت عملی کے مطابق بین الاقوامی سطح پر اپنی ڈاؤن سٹریم ویلیو چین کو مضبوط کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔
گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری، اس کو ذخیرہ کرنے، فروخت اور مارکیٹنگ جیسے کام کرتی ہے۔ یہ پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل اور سٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
اسی طرح سعودی آرامکو ظہران میں واقع سعودی کمپنی پیٹرولیم کمپنی ہے اور اس کا شمار ایک عرصے سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک کے طور پر ہوتا ہے اور یہ سعودی عرب کے علاوہ دوسرے کئی ملکوں میں بھی سرگرم ہے۔
تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے مطابق سعودی آرامکو کے پاس خام تیل کے وسائل 270 ارب بیرل کے برابر ہیں، جب کہ یہ تیل پیدا کرنے والی دنیا کی تمام کمپنیوں میں سب سے زیادہ یومیہ تیل پیدا کرتی ہے۔
2023 میں سعودی آرامکو کے قیام کے 90 سال مکمل ہوئے۔
نیویارک سے شائع ہونے والے مشہور امریکی بزنس میگزین ’فارچیون‘ نے گذشتہ سال اگست میں ایک مضمون میں سعودی آرامکو کو دنیا کی سب سے منافع بخش کمپنی قرار دیا تھا۔