وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگڈم ایرینا میں ہونے والے تاریخی مقابلے میں اپنے امریکی حریف کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی ورلڈ مڈل ویٹ ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی درالحکومت میں منعقدہ اس ایونٹ میں دنیا بھر میں باکسنگ کی دو معروف پروموشنل کمپنیوں کوئنز بیری اور میچ روم باکسنگ کی نمائندگی کرنے والے فیچر ایلیٹ فائٹرز کے درمیان میچز ہوئے۔
کوئنز بیری کی نمائندگی کرنے والے حمزہ شیراز اور میچ روم کے آسٹن ولیمز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہفتے کی شب ہوا، جس میں حمزہ نے امریکی حریف کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ڈبلیو بی سی ورلڈ مڈل ویٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
حمزہ شیراز نے آسٹن ولیمز کو 11 ویں راؤنڈ میں تکنیکی ناک آؤٹ کے ساتھ شکست دی اور اس جیت کے ساتھ کوئینز بیری پروموشنز کو چھٹا پوائنٹ مل گیا جب کہ میچ روم باکسنگ خالی ہاتھ لوٹے۔
اس فتح کے بعد پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’برادر ملک سعودی عرب کو کنگڈم ایرینا ریاض میں باکسنگ کے ایک متاثر کن مقابلے کی میزبانی پر مبارکباد۔ پاکستانی نژاد سپر سٹار حمزہ شیراز کی جیت پر مسرت ہوئی۔ ہمیں آپ پر فخر ہے اور ورلڈ چیمپیئن کے طور پر جلد ہی پاکستان میں آپ کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔‘
چھ فٹ چار انچ قامت کے حمزہ کو اس وقت شہرت اور بین الاقوامی شناخت ملی جب انہیں باکسنگ رائٹرز کلب نے 2022 کے لیے ’ینگ باکسر آف دی ایئر‘ کا خطاب دیا۔
مارچ 2022 میں انہوں نے ویمبلے ایرینا میں کھیلے گئے ڈبلیو بی سی میں جیز سمتھ کو شکست دیتے ہوئے انٹرنیشنل سلور مڈل ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں حمزہ شیراز نے ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے دورے کے موقعے پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔