پاکستان کی ٹیم اتوار 16 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں آئرلینڈ کی ٹیم کے ساتھ اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گی مگر فلوریڈا سے خبریں آ رہی ہیں کہ وہاں موسم سخت خراب ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی گروپ 8 میں جانے کی امیدوں پر پانی پھر سکتا ہے۔
نیو یارک میں گذشتہ روز آخری میچ امریکہ اور انڈیا کے مابین کھیلا گیا تھا جس کے بعد اب گروپ اے کے آخری تین میچ فلوریڈا میں ہوں گے جن میں پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ کے علاوہ امریکہ اور آئرلینڈ کا اہم میچ بھی شامل ہے۔ پاکستانی شائقین آس لگائے بیٹھے ہیں کہ اگر اس میں آئرلینڈ کی ٹیم نے امریکہ کو پچھاڑ دیا تو پاکستان کے اگلے گروپ میں پہنچنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
گروپ اے سے انڈیا نے پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور اسے کسی میچ کے نتیجے سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
اگر مگر کا کھیل
1992 کے بعد سے کئی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستانی شائقین کو اپنی ٹیم کو اگلے مرحلوں تک پہنچانے کے لیے لمبے چوڑے حساب کتاب سے کام لینا پڑتا ہے جس میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کے علاوہ دوسری ٹیموں کی ہار جیت کی دعائیں بھی مانگنا پڑتی ہیں۔ اس بار بھی ایسی ہی صورتِ حال درپیش ہے۔
پاکستان اب تک تین میچ کھیل کر صرف دو پوائنٹس حاصل کر پایا ہے، جب کہ امریکہ کے تین ہی میچوں میں چار پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کے کوالیفائی کرنے کے چار مرحلے ہیں:
- پاکستان آئرلینڈ کو لازمی ہرائے
- آئرلینڈ امریکہ کو لازمی ہرائے
- مندرجہ بالا میں سے کوئی میچ بارش کی نذر نہ ہو
- پاکستان کا رن ریٹ امریکہ سے بہتر ہو
اگر پاکستان اور آئرلینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے برابر رہا تو امریکہ آگے نکل جائے گا۔ اسی طرح اگر امریکہ اور آئرلینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا تو امریکہ کے پانچ پوائنٹ ہو جائیں گے اور وہ پاکستان کی پہنچ سے آگے نکل جائے گا۔
ادھر پاکستانی ٹیم کے مداحوں کو تشویش ہے کہ آج کل فلوریڈا طوفانی بارشوں کی زد میں ہے اور وہاں کے محکمۂ موسمیات کے مطابق کئی علاقوں کو اگلے چند دنوں میں ہولناک سیلابوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان میچ جمعے کو کھیلا جائے گا، اس دوران بارش کی جانب سے خلل پڑنے کا قوی امکان ہے۔ ایکو ویدر کے مطابق اس میچ کے دوران بارش کا 99 فیصد امکان ہے۔ اسی طرح اتوار کو پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش کا امکان 80 فیصد ہے۔
اس سے قبل بدھ کو نیپال اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔