ٹی 20 ورلڈ کپ: رضوان کی پہلی نصف سینچری اور پاکستان کی پہلی فتح

پاکستان نے 107 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کیا۔

پاکستان کے لیے محمد رضوان نے کینیڈا کے خلاف میچ میں نصف سینچری سکور کی (اے ایف پی)

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں کینیڈا کو شکست دے کر عالمی مقابلے میں آخرکار اپنی پہلی فتح حاصل کر ہی لی ہے۔

کینیڈا کے خلاف میچ میں بولرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد محمد رضوان نے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی نصف سینچری سکور کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ ٹیم کی فتح تک کریز پر موجود رہیں۔

پاکستان نے 107 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کیا۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک بار پھر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ایک بار پھر بولرز نے اس فیصلے کو صحیح ثابت کیا۔

پاکستانی بولرز اچھا آغاز تو نہیں کر پائے تھے مگر بعد میں انہوں نے کینیڈا کے ناتجربہ کار بلے بازوں کو باندھے رکھا اور مقررہ 20 اووروں میں صرف 106 رنز تک ہی محدود کر دیا۔ کینیڈا کی طرف سے اوپنر ایرون جانسن نے عمدہ بیٹنگ کی اور 44 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے بھی شامل ہیں۔

بعد میں پاکستانی بلے بازوں کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا اور اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے صائم ایوب 12 گیندوں پر صرف چھ رنز ہی سکور کر پائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم محمد رضوان اور بابر اعظم نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے۔ بابر اعظم 33 رنز بنا کر بالکل اسی انداز میں آؤٹ ہوئے جیسے وہ انڈیا کے خلاف میچ میں آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کے لیے ایک بار پھر محمد رضوان وہ بلے باز ثابت ہوئے جو ایک طرف کریز پر جمے رہے اور ورلڈ کپ میں اپنی پہلی نصف سنچری سکور کرنے میں بھی کامیاب رہے۔

محمد رضوان نے 53 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میچ کا بہترین کھلاڑی محمد عامر کو قرار دیا گیا جنہوں نے چار اووروں میں 13 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ حارث رؤف دو، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں یہ پاکستان کی تین میچوں میں پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل پاکستان کو امریکہ اور انڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کو ٹورنامنٹ میں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اپنا آخری گروپ میچ تو جیتنا ہی ہو گا، ساتھ میں اسے یہ بھی امید کرنا ہو گی کہ امریکہ بھی اپنے اگلے دونوں میچ ہار جائے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ