پشاور کے یادگار ریتی بازار کا عید الاضحیٰ سے قبل ایک چکر لازمی سمجھا جاتا ہے جس کہ بغیر عید ادھوری معلوم ہوتی ہے کیونکہ یہاں آپ کو تکے بنانے کے مکمل اوزار ملتے ہیں۔
پشاور میں چوک یادگار کے قریب واقع ریتی بازار کا پورا نام پل پختہ ریتی بازار ہے۔
ریتی، سوہان کی طرح کا ایک اوزار ہے جس سے لوہے یا لکڑی کو ہموار کیا جاتا ہے۔
یہ بازار پشاور کے چند تاریخی اور پرانے بازاروں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں لوہے سے بنی اشیا ہاتھوں سے بنائی جاتی ہیں۔
اس بازار میں عید الاضحی قریب آتے ہی لوگوں کا رش لگ جاتا ہے لیکن دکان داروں کے مطابق پچھلے سالوں کے مقابلے میں اب گاہک نہ ہونے کے برابر ہیں۔
شکیل احمد اسی بازار میں گذشتہ 30 سالوں سے لوہار کا کام کرتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عید الضحیٰ سے تین ماہ قبل سامان کی تیاری شروع کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھری، کلہاڑی، ٹوکے، سیخ اور انگیٹھی سے لے کر یہاں پر قربانی سے منسلک ہر چیز تیار کی جاتی ہے۔
شکیل نے بتایا، ’یہ 200 سال پرانا بازار ہے، پہلے یہاں دکانیں کم تھیں لیکن اب بڑا بازار بن گیا ہے اور یہاں زیادہ تر سامان پنجاب سے سپلائی کیا جاتا ہے لیکن آرڈر پر یہاں چیزیں تیار کی جاتی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر یہاں پر انگیٹھیاں تیار کی جاتی ہیں لیکن آرڈر پر بھی گاہک کی ڈیمانڈ پر سامان تیار کیا جاتا ہے اور مختلف ورائٹی یہاں پر دستیاب ہے۔
شکیل نے گاہکوں کے حوالے سے بتایا کہ سامان بہت ہے اور دکانداروں نے لاکھوں روپے لگائے ہیں لیکن مہنگائی کی وجہ سے گاہک نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا، ’پچھلے سال جو چیز چھ سو روپے کی تھی، اب وہ 1200 روپے پر ہے اور اسی وجہ سے گاہکوں کی تعداد کم ہوگئی ہیں۔‘