عالمی برادری فلسطین پر عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کروائے: پاکستان

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں دو ریاستی حل کے ذریعے فلسطینیوں کا حق خودارادیت یقینی بنائے۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف 15 جون 2024 کو پی ٹی وی پر خطاب کے دوران (پی ٹی وی ویب سائٹ)

وزیر اعظم شہباز شریف نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی پالیسیوں پر عالمی عدالت انصاف کی رولنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ہفتے کو ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی سی جے کی جانب سے اسرائیل کو اپنا قبضہ اور غیر قانونی آباد کاری ختم کرنے کے حوالے سے دی گئی رولنگ بہادر فلسطینی عوام کی قانونی جدوجہد کی تصدیق ہے۔ 

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس رولنگ پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں دو ریاستی حل کے ذریعے فلسطینیوں کا حق خودارادیت یقینی بنائیں۔ 

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’ہمیں فخر ہے کہ پاکستان نے اس کیس میں حصہ لیا جو کہ فلسطینی کاز کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔‘

عالمی عدالت انصاف نے جمعے کو کہا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی مسلسل موجودگی غیر قانونی ہے اور اسے ’جتنی جلدی ممکن ہو‘ ختم کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عالمی عدالت انصاف کے مطابق فلسطینی علاقوں میں موجود قدرتی وسائل کی تلاش کی اسرائیلی پالیسی عالمی قوانین کے خلاف ہے۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر اپنے قبضے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی چاہیے۔

عالمی عدالت انصاف نے کہا کہ اسرائیل کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بستیوں کی تعمیر عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جبکہ فلسطینی علاقوں میں موجود قدرتی وسائل کی تلاش کی اسرائیلی پالیسی بھی عالمی قوانین کے خلاف ہے۔

عالمی عدالت نے اسرائیل کو مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے ساتھ منظم طریقے سے امتیازی سلوک کا مرتکب بھی قرار دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان