وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ ان منتقلیوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر ان کے دورہ چین کے دوران دستخط ہوئے تھے۔
اسلام آباد میں ہفتے کو اپنے دورہ چین کے دوران ہونے والے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون کے مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں اس کی مدد کی ہے اور چینی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں چینی صنعتوں کی منتقلی کے لیے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا گیا جس کے تحت چین کی ٹیکسٹائل، پلاسٹک، لیدر، میڈیکل اور سرجیکل آلات کی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری پر دستخط کیے جائیں گے۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اس مقصد کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے لیے 78 پاکستانی کمپنیوں کی دلچسپی کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ پیش کی۔
وزیراعظم نے اس سلسلے میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اقدامات اور سفارشات کو سراہا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے لیے پاکستانی کمپنیوں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے۔
آئی ٹی پارک
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے پہلے جدید ترین اسلام آباد آئی ٹی پارک پر تعمیراتی کام کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی رواں سال تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں زیر تعمیر آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) پارک کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک 25 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس میں سات کروڑ ڈالر جنوبی کوریا کی جانب سے نرم قرض کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ یہ منصوبہ 2022 میں کورین کمپنی کو دیا گیا تھا۔
تعمیراتی کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس آئی ٹی پارک میں آئی ٹی سے چلنے والی کمپنیوں کے 120 دفاتر اور 10 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت میں تجارتی اور تفریحی سہولیات کے علاوہ انکیوبیشن سینٹر اور 15 اسٹارٹ اپس بھی شامل ہوں گے۔
شہباز شریف آئی ٹی پارک کا تعلیمی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور روابط ہو گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارک کا ایک اہم حصہ آئی ٹی لیبز کی تعمیر ہے، جو پاکستانی نوجوانوں میں تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت کے نتیجے میں ملک بھر میں 250 ای-روزگار مراکز بھی قائم ہوں گے، جب کہ آئی ٹی پارک میں لیول تھری ڈیٹا سینٹر بھی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر مزید آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں گے اور لاکھوں نوجوان ان سے مستفید ہوں گے۔