فلسطین کی نیوز ایجنسی وفا نے اتوار کو رپورٹ کیا ہے کہ غزہ شہر میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے دو سکولوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 25 فلسطینی جان سے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
وفا کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں نصر محلے میں حسن سلامہ سکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 25 شہری جان سے گئے۔
اس حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شہر کے باپٹسٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وفا کے مطابق ہلال احمر کی ایمبولینس کے عملے نے غزہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے زیتون کے قریب شہریوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جان سے جانے والے دو فلسطینیوں اور متعدد زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
غزہ میں موجود طبی عملے کے مطابق اسرائیلی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں دو قتل عام کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 33 فلسطینی جان سے گئے اور 118 زخمی ہوئے۔
مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں جان سے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہزار 583 ہو گئی ہے جبکہ 91 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جان سے جانے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
حکام کے مطابق ہنگامی خدمات کے محکمے اب بھی ملبے تلے دبے یا جنگ زدہ علاقے میں سڑکوں پر بکھری ہوئی بہت سی لاشوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں کیونکہ اسرائیلی افواج ایمبولینس اور سول ڈیفنس عملے کی نقل و حرکت میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔