پہلا چار روزہ میچ: پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 148 رنز سے شکست دے دی

پاکستان شاہینز نے آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں کھیلے جانے والے پہلے چار روزہ میچ میں بنگلہ دیش اے کو 148 رنز سے شکست دے دی۔

22 جولائی، 2024 کی اس تصویر میں پاکستان شاہینز کے کھلاڑی آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے جانے چار روزہ میچ کے آخری روز میدان میں داخل ہو رہے ہیں(تصویر: پاکستان کرکٹ بورڈ)

پاکستان شاہینز نے آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں کھیلے جانے والے پہلے چار روزہ کرکٹ میچ میں بنگلہ دیش اے کو 148 رنز سے شکست دے دی۔

پیر کو میچ کے چوتھے روز پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش کی تمام وکٹس حاصل کر کے میچ میں فتح حاصل کی جن میں سے مہران ممتاز نے چار اور شاہنواز دھانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے پہلے دن بنگلہ دیش کے کپتان شہادت حسین نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان شاہینز نے میچ کی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 467 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد ہریرہ نے 218، کامران غلام نے 100 اور کپتان صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ریپون مونڈل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بنگلہ دیش اے پہلی اننگز میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی دو وکٹس حاصل کر سکے۔

پاکستان شاہینز نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا کر اننگز پھر ڈکلیئر کر دی۔

جواب میں بنگلہ دیش اے کی پوری ٹیم 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو 148 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان شاہینز کی اس جیت میں لیفٹ آرم سپنر مہران ممتاز اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

مہران ممتاز نے 84 رنز دے کر چار جبکہ شاہنواز دھانی نے 57 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش اے کو جیتنے کے لیے428 رنز کا ہدف ملا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنگلہ دیش اے نے میچ کے آخری روز 20 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کے لیے 50 اور دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت قائم کی۔

ایک موقع پر 190 رنز پر اس کی صرف تین وکٹیں گری تھیں لیکن 36 رنز کے اضافے پر اس کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔

بنگلہ دیش اے کی دوسری اننگز میں امیت حسن نے 14 چوکوں کی مدد سے71 رنز اسکور کیے۔ پرویز حسین نے57 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29 رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے کچھ انتظار  کرنا پڑا تاہم محمد علی نے آخری بیٹر مقید الاسلام کو محمد ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کرا کر جیت کو مکمل کیا۔

پاکستان شاہینز کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ جمعے سے اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ