چند دنوں میں پانچ سالہ معاشی پروگرام پیش کروں گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اگلے چند دنوں میں پورے پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی۔ چند دنوں میں پوری قوم سے خطاب کروں گا اور پانچ سالہ معاشی پروگرام پیش کروں گا۔‘

پاکستان کے77 ویں جشن آزادی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کا سفر مسلسل جدوجہد کی داستان ہے اور ’جو اب تک ہوتا رہا ہے، ہمیں وہ سب دفن کرکے ایک نئے سفر کا فیصلہ کرنا ہو گا۔‘

پاکستان میں 14 اگست کو جشن آزادی کے موقعے پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مرکزی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’77 سال کا سفر مسلسل جدوجہد کی داستان ہے۔ جس ملک کے بارے میں یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ یہ تین سال بھی قائم نہیں رہ سکتا، وہ 77 سال بعد بھی قائم ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ سفر قابلِ رشک نہیں ہو سکا، ’اس میں کئی حادثات ہوئے، قومی وجود پر کئی کاری ضربیں لگیں، اقتدار کی کشمکش، اندورنی اور بیرونی سازشیں، ہماری اپنی غلطیاں اور مفاد پرستیاں اس میں شامل تھیں۔ بد قسمتی سے معیشت سمیت دیگر شعبوں میں زوال آتا رہا اور ہم  ہچکولے کھاتے رہے۔‘

وزیراعظم نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آج کا پاکستان نوجوانوں کے پاکستان کے طور پر جانا جاتا ہے۔ آپ ہمارا روشن مستقبل ہیں، خود کو فساد، انتشار اور فریب سے دور رکھیں، دشمن قوتوں کا نشانہ آپ کا ذہن ہے۔‘

بقول شہباز شریف: ’دشمنان پاکستان ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں کہ پاکستان آگے نہ بڑھے۔ ہمارا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ وہ ہماری جوہری قوت اور ناقابل تسخیر ہونے سے مجبور اور خائف ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’دشمن نے ڈیجیٹل دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کر کے پاکستان کے نوجوانوں کے ذہن پر جھوٹ کی بمباری شروع کر رکھی ہے۔ جھوٹ کو سچائی ہی ناکام بنا سکتی ہے۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آج ہم سب کو دیانتداری اور غیر جانبداری سے سوچنے اور اپنے محاسبے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے ماضی اور حال کے درمیان احتساب ضرور کرنا چاہیے اور اس سے سبق حاصل کر کے مستقبل کی پلاننگ کرنا ہو گی۔

’اگرچہ آج مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بلوں سمیت دیگر مسائل سے عوام پریشان ہیں، لیکن مجھے اس کا پورا پورا احساس ہے۔ اس حال تک کیسے پہنچے؟ اس کا بھی جواب ہمیں تلاش کرنا ہے۔‘

وزیراعطم شہباز شریف نے کہا کہ ’ہمیں اپنے حالات کا جائزہ لے کر اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم نے زندگی قرضوں میں رہ کر گزارنی ہے، مانگ کر گزارنی ہے یا قائداعظم کے فرمودات کے مطابق وہ زندگی گزارنی ہے جس کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا۔

’جو اب تک ہوتا رہا ہمیں وہ سب دفن کرکے ایک نئے سفر کا فیصلہ کرنا ہوگا، جو محنت، امانت اور دیانت کی بنیاد پر ہوگا، جس سے ہر پاکستانی اپنے آپ کو عظیم پاکستانی سمجھے۔ یہ نہ ہو کہ ایک امیر کا پاکستان، ایک غریب کا پاکستان ہے، یہ نہ ہو کہ ایک طرف شادیانے ہیں اور دوسری طرف ماتم ہیں۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اگلے چند دنوں میں پورے پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی۔ چند دنوں میں پوری قوم سے خطاب کروں گا اور پانچ سالہ معاشی پروگرام پیش کروں گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان