آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان

آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی ملائیشیا کرے گا اور اس میں 16 ٹیمیں شامل ہوں گی۔

19 فروری 2023 کی اس تصویر میں پرل کے بولانڈ پارک میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ کے گروپ میچ میں پاکستانی وکٹ کیپر منیبہ علی کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی شیمین کیمبیل واپس پویلین کی طرف جا رہی ہیں (راجر بوش / اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اتوار کو انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکہ کے خلاف کھیلے گا جب کہ انڈیا کے الگ گروپ میں ہونے کی وجہ سے روایتی حریفوں کے درمیان پہلے مرحلے اور سپر سکس میں بھی مقابلہ دیکھنے کو نہیں ملے گا۔

آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی ملائیشیا کرے گا اور اس میں 16 ٹیمیں شامل ہوں گی۔

انڈیا جس نے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں انگلینڈ کو زیر کر کے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہے 18 جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں میزبان ملائیشیا، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا۔ 

گروپ بی میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ آئرلینڈ اور امریکہ شامل ہے۔

گروپ سی میں گذشتہ ایڈیشن کا میزبان جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ کے ساتھ بحرالکاہل کے جزیروں پر مشتمل ملک ساموا اور افریقہ سے کوالیفائر شامل ہے جبکہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، اور ایشیا سے ایک کوالیفائر شامل ہے۔

ہر ٹیم راؤنڈ رابن مرحلے میں اپنے اپنے گروپس میں موجود فریقوں سے کھیلے گی، گروپ مرحلے میں تین تین میچز ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد چاروں گروپوں کی ٹاپ تھری سائیڈز سپر سکس مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔

گروپ اے اور ڈی، اور بی اور سی کی سب سے نیچے کی ٹیمیں 24 جنوری کو آخری جگہ کے پلے آف میں مقابلہ کریں گی۔

سپر سکس مرحلے میں 12 ٹیموں کو مزید دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں گروپ اے اور ڈی کی ٹاپ تین ٹیمیں گروپ ون اور گروپ بی اور سی کی ٹیمیں گروپ ٹو میں شامل ہیں۔ یہاں بھی پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ دیکھنے کو نہیں ملے گا لیکن ان روایتی حریفوں کے درمیان سیمی فائنل میں ٹاکرا ہو سکتا ہے کیوں کہ ہر گروپ ون اور ٹو کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 31 جنوری کو ہوگا جب کہ فائنل دو فروری 2025 کو ہوگا۔

گروپ اے: انڈیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، ملائشیا

گروپ بی: پاکستان، انگلینڈ، آئرلینڈ، امریکہ 

گروپ سی: نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سموا اور افریقی کوالیفائر

گروپ ڈی: آسٹریلیا، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور ایشیائی کوالیفائر

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ