انڈین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز شیکھر دھون نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔
38 سالہ دھون نے آخری کرکٹ میچ انڈین پریمیئر لیگ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے اس سال کے ایڈیشن میں پنجاب کنگز کے کپتان کی حیثیت سے کھیلا تھا۔
انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’جب میں اپنے کرکٹ کے سفر کا یہ باب ختم کر رہا ہوں تو میں اپنے ساتھ ان گنت یادیں لے جا رہا ہوں۔ محبت اور حمایت کے لیے آپ کا شکریہ!‘
انہوں نے کہا کہ ’زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے پیج پلٹنا ضروری ہے اور اسی لیے میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔‘
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اس بلے باز نے 34 ٹیسٹ میچوں میں سات سنچریوں کی مدد سے 2315 رنز بنائے ہیں۔
وہ ون ڈے کرکٹ میں کامیاب رہے اور 167 میچوں میں 44.11 کی اوسط سے چھ ہزار793 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دھون نے آئی پی ایل میں پنجاب کے علاوہ چار دیگر ٹیموں کی نمائندگی بھی کی اور وہ وراٹ کوہلی کے بعد ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے آئی پی ایل میں 221 اننگز میں 127.14 کے سٹرائیک ریٹ سے 6769 رنز بنائے۔
انہوں نے انڈیا کے لیے آخری ون ڈے سیریز دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی۔
دھون نے کہا کہ ’میں اپنے دل میں اس سکون کے ساتھ جا رہا ہوں کہ میں نے انڈیا کے لیے اتنے لمبے عرصے تک کھیلا۔
’میں نے خود سے کہا کہ اس بات کا افسوس نہ کرو کہ آپ اب انڈیا کے لیے نہیں کھیلو گے، لیکن اس بات پر خوش ہوں کہ اپنے ملک کے لیے کھیلا ہوں۔‘