مریم نواز کی جعلی ویڈیو: عمران ریاض، شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ لاہور نے عمران ریاض خان، شہباز گل اور سوشل میڈیا پر سرگرم ندیم جاوید کے خلاف انٹرنیٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف نامناسب مواد پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

عمران ریاض خان (دائیں) اور پی ٹی آئی رہنما شہباز گل (بائیں)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ لاہور نے بدھ کو یوٹیوبر عمران ریاض خان، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امریکہ میں مقیم رہنما شہباز گل اور سوشل میڈیا پر سرگرم ندیم جاوید کے خلاف انٹرنیٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف نامناسب مواد پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کو ملنے والی ایف آئی آر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کے خلاف سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار نامناسب مواد پھیلانے پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2016 کی دفعات 20، 21 ڈی اور 24 لگائی گئی ہیں۔

اس کیس میں دو دیگر ملزمان کے خلاف ملتان اور فیصل آباد میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک مہم میں غیر ملکی اور ملکی معزز شخصیات کی تصاویر کو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تبدیل کر کے جعلی مواد بنایا اور پھیلایا گیا۔

مقدمے میں یہ بھی درج ہے کہ اس مہم کے ذریعے پاکستان کے بین الاقوامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایف آئی آر کے مطابق عمران ریاض خان اور ڈاکٹر شہباز گل یہ نامناسب مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے اور شیئر کرنے میں ملوث پائے گئے۔

حال ہی میں یو اے ای کے صدر کی پاکستان آمد پر ان کی مریم نواز کے ساتھ ملاقات کی اصل تصویر وائرل ہوئی تھی۔ اس تصویر میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم بعد میں اس تصویر کو استعمال کرتے ہوئے اے آئی کی مدد سے نامناسب مواد میں بدل دیا گیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایف آئی آر شئیر کرتے ہوئے لکھا: ’میرا ایک ہی ٹک ٹاک اکاؤنٹ ہے۔ مطلب اب مقدمہ درج کرنے کے لیے پہلے جعلی اکاؤنٹ بنایا جائے گا، پھر جعلی ویڈیو لگائی جائے گی۔

’عمران خان کے ساتھ کھڑا تھا، ڈٹ کر کھڑا رہوں گا جب تک میرے اللہ نے مجھے ہمت دی بے شک عزت، ذلت، طاقت، ہمت، زندگی، رزق اللہ دینے والا ہے۔‘

ایک اور ایکس پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’ایف آئی اے انویسٹیگیشن کے بعد میرے خلاف نیا مقدمہ درج کیا گیا اور جس ٹک ٹاک اکاؤنٹ Shahbaz_gill04 کو وجہ بنا کر کیا گیا وہ اکاؤنٹ میرا ہے ہی نہیں، کسی فین نے بنایا ہے۔ جس پر مجھ سمیت صدیق جان صاحب، ثمینہ پاشا صاحبہ اور کئی اور دوستوں کی ویڈیوز پوسٹ ہیں۔ یہ کیسی تفتیش ہے؟‘

انڈپینڈنٹ اردو نے اس معاملے پر عمران ریاض سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

اسی کیس میں ملتان میں محمد اعجاز اور فیصل آباد میں عامر عباس نامی شخص کے خلاف بھی ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے نامناسب مواد سوشل میڈیا پر شئیر کرنے کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ندیم جاوید، محمد اعجاز اور عامر عباس کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں، جس کی تصدیق کے لیے ایف آئی اے سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان