جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اگلے آزاد چیئرمین کے طور پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
اکتوبر 2019 سے بی سی سی آئی کے اعزازی سیکرٹری اور جنوری 2021 سے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ یکم دسمبر 2024 کو یہ عہدہ سنبھالیں گے۔
موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کی جانب سے تیسری مرتبہ یہ عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کرنے کے بعد جے شاہ چیئرمین شپ کے لیے واحد امیدوار تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اپنے انتخاب کے بعد، جے شاہ نے کرکٹ کی عالمی رسائی اور مقبولیت کو آگے بڑھانے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا۔
’میں کرکٹ کو مزید عالمگیر بنانے کے لیے آئی سی سی ٹیم اور اپنے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ ہم ایک نازک موڑ پر کھڑے ہیں جہاں متعدد فارمیٹس کے بقائے باہمی میں توازن پیدا کرنا، جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانا اور نئی عالمی منڈیوں میں اپنے مارکی ایونٹس کو متعارف کرانا بہت اہم ہے۔ ہمارا مقصد کرکٹ کو پہلے سے زیادہ جامع اور مقبول بنانا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایل اے 2028 میں ہونے والے اولمپکس میں ہمارے کھیل کی شمولیت کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک اہم موڑ کی نمائندگی کرتی ہے، اور مجھے یقین ہے کہ یہ کھیل کو بے مثال طریقوں سے آگے لے جائے گا۔