پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے انڈیا پہنچنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سیکریٹری جے شاہ ان کا خیر مقدم کریں گے۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ذکا اشرف آج (جمعرات کو) بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا ’بی سی سی آئی‘ کی دعوت پر انڈیا روانہ ہونے والے ہیں جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اس اہم موقعے پر اپنی ٹیم کی سپورٹ کو بہت ضروری سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستانی ٹیم اپنی سخت محنت اور جذبے سے اس مقام تک پہنچی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ ان کی بہترین کارکردگی قوم کے لیے باعث فخر ہو گی۔‘
اس سے قبل جے شاہ نے ذکا اشرف کو ٹیلی فون کیا جس میں بی سی سی آئی سیکریٹری نے چیرمین پی سی بی کے انڈیا آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
جے شاہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وہ ذکا اشرف کے انڈیا میں قیام کے دوران ان کی دیگر آفیشلز سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کرائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ’ہم دونوں بورڈز نے اس موقع پر ان امکانات پر بھی بات کی کہ کس طرح ہم دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کو بڑھانے اور انہیں ترقی دے سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل گذشتہ ہفتے ذکا اشرف نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کے موقعے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انڈیا آمد پر اس کا جو زبردست استقبال ہوا ہے وہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں۔
لاہور سے جاری ایک بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس پیار کی ایک جھلک حیدرآباد دکن ایئرپورٹ پر نظر آئی جس پر وہ ذاتی طور پر انڈینز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی انڈیا اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں، دشمن کے طور پر نہیں۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حیدرآباد پہنچنے پر سینکڑوں شائقین نے پاکستانی کھلاڑیوں کا استقبال کیا تھا جب کہ یہاں کھیلے گئے دونوں میچز کے دوران بھی پاکستانی ٹیم کو ہوم کراؤڈ کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔
مقامی شائقین میدان اور اس سے باہر پاکستانی کرکٹرز کی بھر پور سپورٹ کرتے دکھائی دیے جنہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیوز بھی بنائیں اور انھیں نام لے کر پکارتے بھی رہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو اسی طرح پذیرائی ملے گی اور انڈین شائقین کو پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے بہترین کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اہم میچ ہفتے (14 اکتوبر) کو کھیلا جانا ہے جس کے لیے پاکستان ٹیم کل حیدر آباد سے احمد آباد پہنچی تھی۔
دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے لیے انڈین بورڈ نے کئی اہم شخصیات کو دعوت دی ہے۔
پاکستان اور انڈیا دونوں نے اپنے پہلے دونوں مقابلے جیت کر چار چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔