بنگلہ دیشی فاسٹ بولرز کا ریکارڈ، پاکستان کو وائٹ واش کا خطرہ

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز میں تاریخی فتح کے لیے مزید 143 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر حسن محمود پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کو راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آؤٹ کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز میں تاریخی فتح کے لیے مزید 143 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔ پوری ٹیم سوکھے پتوں کی طرح بکھر کر رہ گئی۔

پاکستان جس کی دوسری اننگز کا آغازمیچ کے تیسرے دن ہی ہو گیا تھا، سے دو وکٹ گرجانے کے باعث چوتھے دن ایک بھرپور فائٹ بیک کی توقع تھی جو پوری نہ ہو سکی۔

پاکستان کو اگرچہ پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری مل گئی تھی لیکن اوپنر عبداللہ شفیق جس لاپرواہ انداز میں آؤٹ ہوئے تھے اس نے ایک اور شکست کا راستہ بنانا شروع کردیا۔

عبداللہ شفیق ایک انتہائی باہر جاتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نائٹ واچ مین خرم شہزاد تھے جو صفر پر بولڈ ہوئے تھے یہ دونوں وکٹ نوجوان فاسٹ بولر حسن محمود نے لیے تھے۔

میچ کا چوتھا دن پاکستان بیٹنگ کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔ دن کے آغاز میں ہی صائم ایوب تسکین احمد کی گیند پر نجم الحسن کے ایک شاندار کیچ پر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان شان مسعود کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ وہ ناہید رانا کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ صرف 28 رنز بنا سکے۔

بابر اعظم جن سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ تھی، بھی ناہید رانا کی گیند پر 11 رنز پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

نائب کپتان سعود شکیل نے ایک دفعہ پھر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلا اور صرف دو رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان اور سلمان آغا نے کچھ بہتر بیٹنگ کی لیکن زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے۔ دونوں نے 54 رنز کی پارٹنر شپ بنائی لیکن حسن محمود نے 43 رنز پر رضوان کو واپس پویلین بھیج دیا۔

سلمان آغا نے 47 رنز بنائے لیکن پاکستان کے دیگر بلے باز ساتھ نہ دے سکے۔ جب حسن محمود نے میر حمزہ کو آؤٹ کیا تو پاکستان کی دوسری اننگز 172 رنز پر سمٹ گئی۔

پاکستان کی مجموعی برتری 184 رنز کی ہونے کے باوجود ٹیسٹ میچ کا توازن بنگلہ دیش کے حق میں نظر آرہا ہے کیونکہ ٹائیگرز نے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے ہیں۔

جبکہ پانچویں دن کا کھیل باقی ہے۔ چوتھے دن بارش کے باعث کھیل جلدی ختم کر دیا گیا۔

حسن محمود کی شاندار بولنگ

حسن محمود بنگلہ دیش کے پہلے فاسٹ بولرز بن گئے جس نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹس لیے ہیں ان کی شاندار بولنگ نے پاکستان کے معروف بلے بازوں کو بے بس کردیا۔

 ایک آسان پچ پر ان کی سوئنگ بولنگ نے پاکستانی بیٹنگ تہس نہس کر دی ان کے ساتھ رانا ناہید نے بھی شاندار بولنگ اور پاکستان کی تین اہم ترین وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بولرز کا راج

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش ٹیم نے ایک اور منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ جب فاسٹ بولرز نے تمام دس وکٹ لیے ہیں۔

بنگلہ دیش کا بولنگ اٹیک اپنے سپنرز کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے لیکن موجودہ فاسٹ بولرز نے مزاج بدل دیا ہے۔ اس فاسٹ بولنگ اٹیک نے پاکستانی بلے بازوں کو طفل مکتب بنا دیا۔

بنگلہ دیشی بلے بازوں کی استقامت

اگر اس ٹیسٹ میں بولرز نے کارنامے انجام دئیے ہیں تو آخری نمبر کے بلے باز بھی نمایاں نظر آتے ہیں۔

 ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی دفعہ کسی ٹیم نے ساتویں وکٹ کے لیے 150 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ اس وقت کی جب 30 رنز پر چھ وکٹ گر چکے تھے۔

 لٹن داس اور مہدی حس میراز کی 165 رنز کی پارٹنرشپ نے ہی پاکستان کے ہاتھ سے ٹیسٹ میچ چھین لیا تھا۔

 پاکستان کی بولنگ اس وقت اگر بنگلہ دیش کو جلدی آؤٹ کر لیتی تو شاید نتیجہ کچھ اور ہوتا۔

تاہم لٹن داس کی 138 رنز کی اننگز نے فتح کی بنیاد رکھ دی تھی۔ انہوں نے جس انہماک اور ذمہ داری سے بیٹنگ کی وہ قابل دید تھا۔

 ان کے ساتھ مہدی حسن نے مکمل اعتماد کے ساتھ پاکستانی فاسٹ بولنگ کا سامنا کیا۔

پاکستانی ٹیم کی زبوں حالی

پہلا ٹیسٹ نامساعد حالات میں جیتنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کا دوسرا ٹیسٹ جیتنا حق بنتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگرچہ کرکٹ اتفاقات کا کھیل ہے اور پانچویں دن کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن پاکستان ٹیم جس تباہ کن حالات سے دوچار ہے اس نے ٹیم کے مستقبل کو مشکوک کر دیا ہے۔

بیٹنگ گھبراہٹ کا شکار اور بولنگ ہدف سے بہت دور ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کی اور چھ وکٹ لیے لیکن وہ فتح گر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

پاکستان کی بولنگ کے لیے آخری موقع پانچویں دن ہو گا اور اگر بولرز جلدی وکٹ لے سکے تو میچ دلچسپ ہو سکتا ہے لیکن بنگلہ دیش کے اوپنرز ذاکر حسن اور شادمان اسلام جس انداز میں کھیل رہے ہیں وہ اس جیت کو بغیر نقصان کے پورا کر سکتے ہیں۔

پاکستان ٹیم جو اس سال اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی ہے۔ اب اس کا آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل تک پہنچنا ناممکن نظر آ رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ